کورونا کا پھیلاؤ، دبئی میں نئی پابندیاں عائد
پابندیوں کے مطابق ریستوران اور کیفے میں میزوں کے درمیان فاصلہ اب تین میٹر ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)
دبئی میں کورونا وائرس میں اضافے کو روکنے کے لیے نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
ایمریٹس نیوز ایجنسی کے مطابق یہ پابندیاں سماجی اجتماعات، کیفے، ریستوران، جم اور دوسرے فٹنس سینٹرز پر عائد کی گئی ہیں۔
نئی پابندیوں کا اطلاق جمعے کو متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے ریکارڈ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے۔
دبئی کی سپریم کمیٹی آف کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجنمنٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’جمعے کی شام کو عائد کی جانے والے ان پابندیوں کے مطابق ریستوران اور کیفے میں میزوں کے درمیان فاصلہ دو کے بجائے تین میٹر ہو گا۔‘
اسی طرح کی پابندیوں کا اطلاق دبئی کے جم اور فٹنس سینٹرز پر بھی ہو گا جہاں ورزش کے سامان میں تین میٹر تک کا فاصلہ رکھا جائے گا۔‘
اس کے علاوہ اکھٹے کھانا کھانے والے افراد کی تعداد میں بھی کمی کر دی گئی ہے۔ اب ریستوران میں زیادہ سے زیادہ سات لوگوں کو اکھٹے کھانا کھانے کی اجازت ہو گی اور کیفے میں صرف چار افراد ایک میز پر بیٹھ سکیں گے۔
سماجی اجتماعات کے حوالے سے بھی قوانین کو تبدیل کیا گیا ہے۔ اب ہوٹلوں اور گھروں میں شادیوں، نجی پارٹیوں اور دوسرے ایونٹس میں صرف دس قریبی رشتے دار ہی شرکت کر سکیں گے۔
پچھلے ہفتے دبئی میں حکام نے امارات میں ہوٹلوں اور ریستورانوں میں تفریحی پروگراموں پر پابندی عائد کر دی تھی۔
گذشتہ روز متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے تین ہزار پانچ سو 52 نئے کیسز سامنے آئے اور 10 افراد ہلاک ہوئے۔