مملکت کے شہروں میں مخصوص افراد کے لیے خصوصی پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ فوٹو: سبق
خصوصی افراد کی کمیٹی ’سواعد‘ کی جانب سے سوشل میڈیا پر کہا جا رہا ہے کہ ٹریفک پولیس خصوصی افراد کے لیے گاڑیوں کی مخصوص نمبر پلیٹ پر مخصوص لوگو جاری کرے۔
گاڑیوں کی خصوصی نمبر پلیٹ مفت فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔
خصوصی افراد کی جانب سے یہ مطالبہ اس وقت سامنے آیا جب ادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے مخصوص لوگو کے ساتھ نمبر پلیٹ کے اجرا پر 800 ریال فیس مقرر کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق سوشل میڈیا پر خصوصی افراد کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے مجوزہ نمبرپلیٹ کے حوالے سے بحث زوروں پر ہے۔
اس حوالے سے خصوصی افراد کے حقوق کی کمیٹی ’سواعد‘ کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی نمبر پلیٹ کے اجرا سے ان لوگوں کا خاتمہ ہو سکے گا جو محض اپنی گاڑیوں پر ’مخصوص افراد‘ کے لیے مقرر سٹیکر چسپاں کر لیتے ہیں تاکہ وہ خصوصی پارکنگ کی سہولت حاصل کر سکیں۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کی جانے والی نمبر پلیٹ کے بعد اس میں جعل سازی کا امکان ختم ہو جائے گا اور جو افراد محض اپنی گاڑی پر سٹیکر چسپاں کر لیتے ہیں ان کے لیے یہ ممکن نہیں رہے گا۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے مقرر کی جانے والی 800 ریال کی فیس کے بارے میں لوگوں کا کہنا تھا کہ ادارہ ٹریفک پولیس کو چاہئے کہ وہ فیس ختم کرے اور صرف ان لوگوں کو ہی نمبر پلیٹ جاری کی جائے جو معذور ہوں۔
ایک اور شخص کا کہنا تھا کہ مخصوص افراد کے لیے خصوصی نمبر پلیٹ اس وقت تک جاری نہ کی جائے جب تک معذور شخص کے بارے میں مصدقہ سرٹیفکیٹ فراہم نہ کر دیئے جائیں۔
واضح رہے ادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی نمبرپلیٹ کی مجوزہ تصویر بھی جاری کی گئی ہے جس میں نمبرپلیٹ کے درمیان میں مخصوص لوگو لگایا گیا ہے تاہم پلیٹ کی فیس 800 ریال مقرر کی گئی ہے۔
یاد رہے مملکت میں ٹریفک قانون کے مطابق تمام شہروں میں اہم مقامات اور مارکیٹوں میں مخصوص افراد کے لیے خصوصی پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جہاں دوسرے افراد کا گاڑی پارک کرنا منع ہے۔ اور گاڑی کھڑی کرنے پر چالان کیا جاتا ہے۔