ورون دھون کی شادی، ’عمر بھر کی محبت اب آفیشل ہوگئی‘
ورون دھون نے نتاشہ دلال سے شادی کی ہے۔(فوٹو: ورون انسٹاگرام)
بالی وڈ اداکار ورون دھون کی شادی کی خبر سامنے آتے ہی فینز اور انڈسٹری کے دیگر اداکاروں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
گزشتہ روز ورون دھون نے نتاشہ دلال کے ساتھ اپنی شادی کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی تھی جب کہ آج پیر کے روز انہوں نے اپنی مایوں کی تصویر شییئر کی ہے جس میں وہ ہلدی لگا کر بیٹھے ہوئے ہیں۔
ورون دھون نے ہلدی لگی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے فینز سے پوچھا کہ کیا ہلدی انہوں نے ٹھیک لگائی ہے؟
اس سوال کے جواب میں ان کے فینز اور دیگر ساتھی اداکاروں نے مبارکباد دیتے ہوئے تبصرے کیے۔ کسی نے کہا کہ ہلدی میں میرینٹ ہو گئے ہیں، تو کسی نے کہا کہ ہلدی ویسے بھی جلد کے لیے اچھی ہے۔
شادی میں شرکت کی دعوت انتہائی کم مہمانوں کو دی گئی تھی اور فون استعمال نہ کرنے کی سخت ہدایات تھیں۔ یہی وجہ ہے کہ تین روزہ تقریبات کی کوئی تصویر میڈیا پر شیئر نہ ہو سکی۔
ورون دھون نے گزشتہ روز اتوار کو شادی کی دو تصاویر اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں۔ ورون نے اپنی اہلیہ تناشہ کے ساتھ دو تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’عمر بھر کی محبت اب آفیشل ہوگئی۔‘
اداکارہ سارا علی خان نے اپنی انسٹا گرام سٹوری پر ورون کی شادی کی تصویر لگا کر انہیں مبارکباد دی۔
سارا علی خان اور ورون نے فلم ’قلی نمبر ون‘ میں اکھٹے کام کیا تھا۔ سارا علی خان نے نو بیاہتے جوڑے کو دعائیں دیتے ہوئے شادی کی مبارکباد دی۔
اداکارہ کرینہ کپور بھی ورون دھون کی شادی میں تو شریک نہ ہو سکیں لیکن اپنی انسٹا گرام سٹوری پر شادی کی تصویر شیئر کرکے ورون اور نتاشہ کو مبارکباد دی۔
سال 2012 میں بالی وڈ انڈسٹری سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے ورون دھون اب تک۔ تقریباً 16 فلموں میں کام کر چکے ہیں۔