Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاح ’حائل عجائب گھر‘ کا رخ کیوں کر رہے ہیں؟

یہاں روایتی مصنوعات، دستکاریاں بھی سجائی گئی ہیں- (فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی محکمہ سیاحت نے ’حائل عجائب گھر‘ کو  موسم سرما  کی سیاحت  کے پلان میں شامل  کیا ہے۔ سرمائی سیاحت کا سلسلہ مارچ کے آخر تک جاری رہے گا۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق حائل عجائب گھر اس وقت مقامی سیاحوں  کا مرکز بنا ہوا ہے۔ یہ ماقبل تاریخ کے دور سے لے کر جدید دور تک کے تمام نوادر آثار قدیمہ اور خطے کی تاریخ سموئے ہوئے ہے۔ یہاں روایتی مصنوعات، دستکاریاں بھی سجائی گئی ہیں جہاں حائل کی ساری تاریخ ایک نظر میں دیکھی جا سکتی ہے۔  
حائل عجائب گھر کی سیر کے لیے آنے والوں میں معاشرے کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہیں۔ بوڑھے، جوان، خواتین عجائب گھر کی سیر کے لیے آنے والوں میں شریک ہیں۔ 

عجائب گھر میں حائل میں تعلیم کی کہانی اجاگر کی گئی ہے- (فوٹو: الشرق الاوسط)

عجائب گھر کی عمارت 15سو مربع میٹر  کے رقبے میں بنی ہوئی ہے اور کئی منزلہ ہے۔ یہاں حائل ریجن کی جغرافیائی تاریخ چٹانوں کے نمونے پیش کرکے دکھائی جارہی ہے۔ ہر چٹان کے ساتھ سائنٹفک تشریح پر مشتمل کتبہ بھی ہے۔ 
عجائب گھر میں علاقے کی  طبعی تاریخ کی رنگا رنگی دیکھ کر آنے والا ششدر رہ جاتا ہے۔ سیاحوں کے سوالات کے جواب دینے والے گائیڈ بھی ہیں۔
حائل عجائب گھر سیاحوں کے لیے منفرد تجربہ ثابت ہورہا ہے- فیملی، دوستوں کے گروپ اور اکا دکا افراد آرہے ہیں۔ یہاں حائل کے ثقافتی مناظر اور عوامی فنون کے تاریخی خزانے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ قدیم قلمی نسخے بھی رکھے ہوئے ہیں۔ 

عجائب گھر متعدد ہالوں پر مشتمل ہے- (فوٹو: الریاض)

عجائب گھر متعدد ہالوں پر مشتمل ہے۔ ایک ہال میں حائل کی جیولوجیکل اور طبعی تاریخ کے نمونے رکھے گئے ہیں۔ اسلام سے پہلے کے دور کی تاریخ اجاگر کرنے کے لیے الگ ہال بنایا گیا ہے جہاں حجری دور سے لے کر زمانہ جاہلیت تک کے پودوں، جانوروں اور ماحولیاتی ورثے کا ریکارڈ رکھا گیا ہے۔ 
ایک ہال میں قدیم قلمی نسخے، تصاویر اور کتبے پیش کیے گئے ہیں۔ ایک ہال ایسا ہے جہاں روایتی مصنوعات، ملبوسات، زیورات، کھانے پینے کے برتن اور کھیتی باڑی کے آلات رکھے گئے ہیں۔ عجائب گھر میں حائل کی تعلیم کی کہانی اجاگر کرنے کے لیے ایک ہال خاص کیا گیا ہے جسے دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ حائل میں سرکاری تعلیمی نظام کب اور کیسے شروع ہوا۔ سب سے پہلے سکول کہاں اور کب  قائم  کیے گئے۔ یہاں کتابوں، فلموں اور قدیم رسائل  کے  نسخے بھی سجائے گئے ہیں۔
سعودی محکمہ سیاحت نے موسم سرما کی سیاحت کا پروگرام 17 سے زیادہ علاقوں میں شروع کررکھا ہے جہاں 300 سے زیادہ سیاحتی پیکج پیش کیے جا رہے ہیں اور دو سو سے زیادہ کمپنیاں اور ٹور آپریٹرز سیاحتی پیکج پیش کر رہے ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: