گذشتہ 24 گھنٹے میں 253 افراد وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 200 سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے۔ جبکہ ایک دن میں سب سے کم دو اموات ہوئی ہیں۔
سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جمعے کو جاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ’ گذشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 267 نئے مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ 253 افراد وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔‘
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید دو مریض چل بسے۔ جس کے بعد اب تک مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 368 ہو گئی ہے۔‘
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے ایکٹیوکیسز کی تعداد دو ہزار 169 ہے، جن میں سے 355 کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
جاری اعداد وشمار کے مطابق سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 89 ہے جبکہ الشرقیہ ریجن میں 70 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
مکہ ریجن میں کورونا کے 49 مریض سامنے آئے جبکہ عسیر ریجن میں مریضوں کی تعداد 12 رہی۔ القصیم ریجن میں سات افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
الباحہ اور حائل ریجن میں سات، سات، مدینہ منورہ ریجن میں چھ،الحدود الشمالیہ اور نجران ریجن میں پانچ ، پانچ، الجوف ریجن میں چار جبکہ جازان اور تبو ک ریجن میں تین، تین کورونا کے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
اب تک تین لاکھ 67 ہزار 543 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے تین لاکھ 59 ہزار 6 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔