سعودی افریقی اور عرب افریقی سربراہ کانفرنسیں جلد ہوں گی
سعودی افریقی اور عرب افریقی سربراہ کانفرنسیں جلد ہوں گی
پیر 1 فروری 2021 22:20
سعودی ترقیاتی فنڈ کانگو میں ترقیاتی منصوبے کے لیے تیار ہے۔(فوٹو الشرق الاوسط)
سعودی وزیر مملکت برائے امور افریقی ممالک احمد قطان نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں ’سعودی افریقی‘ اور ’عرب افریقی’ سربراہ کانفرنسیں جلد منعقد ہوں گی۔
العربیہ سیٹلائٹ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ سعودی ترقیاتی فنڈ کانگو میں ترقیاتی منصوبے قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔ حسب سہولت یہ کام انجام دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر مملکت برائے امور افریقی ممالک احمد قطان ان دنوں ڈیموکریٹک کانگو کے دورے پر ہیں۔
سعودی وزیر احمد قطان اور کانگو ڈیموکریٹک کی وزیر خارجہ ماریتونبا نزیرا نے پیر کو دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
معاہدے کے تحت دونوں ملک اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، تعلیمی، تکنیکی، ثقافتی، ابلاغی، سییاحتی، نوجوانوں اور کھیلوں کے شعبے میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔
اس معاہدے کی بدولت دونوں ملکوں کی دلچسپی کے شعبوں میں خصوصی معاہدوں کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
’سعودی افریقی‘ اور ’عرب افریقی’ سربراہ کانفرنسوں کا فیصلہ دنیا بھر کے ممالک و اقوام کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات جدید خطوط پر استوار کرنے نیز دوستانہ و تاریخی رشتوں کو مضبوط بنانے کے جذبے سے کیا گیا ہے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان دنیا بھر کے ملکوں کے ساتھ سعودی عرب کے وسیع البنیاد مفادات کے حصول پر زور دیتے رہتے ہیں۔