ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعلقہ ادارے فوری ایکشن لیے رہے ہیں۔(فوٹو سبق)
سعودی عرب عیسر ریجن میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر بلدیہ نے دو عوامی پارک بند کردیے جبکہ ابھا میں شادی ہال میں 200 سے زائد مہمانوں کی آمد پرہال کو سیل کیا گیا ہے۔
سعودی عرب میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث احتیاطی تدابیر پرسختی سےعمل کیاجارہا ہے۔ خلاف ورزی پر متعلقہ ادارے فوری ایکشن لیے رہے ہیں۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق ابھا شہر میں بلدیہ کی ٹیموں نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں پردو پارک عوام کے لیے بند کردیے۔
پارک میں تفریح کےلیے آنے والوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے سماجی فاصلے کےاصول پرعمل نہیں کیا جارہا تھا جبکہ وہاں خوانچہ فروشوں کی بھی کثرت تھی جن سے لوگ اشیائے خورونوش خریدتے وقت سماجی فاصلے کے اصول پرعمل نہیں کررہے تھے۔
بلدیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے، مقررہ ضوابط لوگوں کی حفاظت کے لیے مقرر کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب عسیر ریجن میں بلدیہ کی ٹیم نے ایک شادی ہال میں مقررہ تعداد سے زائد مدعوین کی موجودگی پر ہال کو سیل کردیا۔
شادی کی تقریب میں 200 سے زائد مہمان بلائے گئے تھے جس کی اطلاع ملتے ہی بلدیہ کی ٹیمیں وہاں پہنچ گئیں جنہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہال کو سیل کردیا۔
تفتیشی ٹیم نے پارک انتظامیہ اور دیگر ذمہ داران پر کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کرکے چالان متعلقہ ادارے کو ارسال کردیا۔
بلدیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔ ضوابط پرسختی سےعمل درآمد کرنے کو یقینی بنانے کےلیے تفتیشی ٹیمیں مختلف مقامات کا دورہ کرتی رہتی ہیں۔