Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی طالب علم نے برطانیہ میں ایک شخص کو ڈوبنے سے بچا لیا

آپ حیرت انگیز شخصیت ہیں، زندگی میں بہت اچھا دوست مل گیا۔(فوٹو ٹوئٹر)
برطانیہ میں سعودی طالب علم نے ایک شخص کو دریا میں ڈوبنے سے بچالیا۔ اس کارنامے پر سعودی طالب علم کو  ’’ہیرو‘‘ اور ’’متاثر کن شخصیت‘‘ قرار دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یونیورسٹی آف سینٹرل لنکاشائر کے سعودی  طالبعلم ترکی الشمری نے انگلینڈ کے شہری ڈین لو کو پریسٹن سٹی کے ریپر ریور کی تند لہروں کی نذر ہونے سے بچا لیا۔
ڈین لو اپنی فیملی کے ساتھ موجود ایک کتے کو ڈوبنے سے بچانے کے لئے دریا میں کود گئے تھے اور خود ہی موجوں کا سامنا نہ کر سکے۔

سعودی طالب علم کو  ’’ہیرو‘‘ اور ’’متاثر کن شخصیت‘‘ قرار دیا گیا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

ترکی الشمری نے بتایا ہے کہ میں ایک پارک میں پرندوں کو دانہ ڈال رہا تھا، میں نے اسی اثنا میں شورسنا اور دریا کی جانب گیا اور اس کی تند و تیز لہروں کے قریب جا پہنچا جہاں ایک شخص ڈوب رہا تھا۔
میں نے مدد کے لئے اُس شخص کی جانب ہاتھ بڑھایا پھر ہم دریا کے قریب دیوار کے سامنے جا پہنچےاور اس کے بعد دونوں مل کر دریا سے باہر نکل آئے جس کے بعد پولیس اور ایمبولینس بھی وہاں پہنچ گئی۔ اس شخص نے خوشی  سے سرشار ہو کر مجھے اپنے گلے لگا لیا اور جان بچانے پرمیرا شکریہ ادا کرنے لگا۔
جب میں گھر واپسی کے لئے وہاں سے نکل آیا تو پولیس نے مجھ سے رابطہ کیا اور مجھے حیرت ہوئی کہ جو کچھ میں نے کیا تھا اس کے بارے میں مجھ سے بہت سی گفتگوکے ساتھ شکریہ ادا کیا گیا۔

ڈین لو کی اہلیہ نے ترکی الشمری سے اظہار تشکر اور ان کے اہل خانہ کا شکریہ ادا کیا۔(فوٹو ٹوئٹر)

اس کے بعد مزید گفتگو کرنے والوں میں برطانیہ میں موجود سعودی سفارتخانہ بھی شامل تھا اور جس شخص کو میں نے ڈوبنے سے بچایا تھا اس نے مجھے فون کیا اور مجھ سے ملنے اور شکریہ ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کہا۔
ڈین لو کی اہلیہ جیسکا ولیمز نے ترکی الشمری سے اظہار تشکر اور ان کے اہل خانہ کا شکریہ ادا کرنے کے لئے فیس بک پر ترکی الشمری کے ساتھ تصاویر بھی شیئر کیں۔
جیسکا ولیمز نے کہا ہے کہ ’’ترکی الشمری ایک ہیرو اور خوبصورت انسان ہیں۔ انہوں نے ڈین لو کی زندگی بچائی، انہوں نے میرے شریک حیات اورمیری بیٹی ایلا کے والد کو بچایا۔
ہم ان کا بہت زیادہ شکریہ ادا نہیں کرسکتے، اس کے بعد وہ ہمارے لئے تحائف لے کر آئے،  وہ کتنی مہربان شخصیت ہیں۔
ہم انہیں پوری دنیا دینا چاہتے ہیں مگر انہوں نے ایک بیلون اور تہنیتی کارڈ کے سوا ڈین کی جانب سے کوئی تحائف قبول نہیں کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے انسانیت کے ناطے ان کی جان بچانے میں مدد کی۔
جیسکا ولیمز نے مزید کہا کہ کتنا متاثر کن احساس ہے، ترکی الشمری میں آپ کا بہت شکریہ ادا کرتی ہوں، آپ حیرت انگیز شخصیت ہیں، ہمیں زندگی میں ایک بہت اچھے دوست کا ساتھ مل گیا ہے۔
برطانیہ میں سعودی سفارت خانےنے ٹویٹ کی ہےکہ سعودی سفیر کو خوشی ہوئی کہ  انہیں سعودی طالب علم  ترکی الشمری کے ساتھ بات کرنے کا موقع ملا جنہوں نے پریسٹن سٹی میں ایک شخص کی جان بچانے کے لئے بہادری کے ساتھ دریا میں چھلانگ لگائی۔
انہوں نے کہا کہ ہم  ڈین لو کی جلد صحت یابی کی خواہش رکھتے ہیں۔
 
 

شیئر: