Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے بعد سے مسجد الحرام آنے والے 85 لاکھ سے زیادہ

اب تک 22 لاکھ 14 ہزار افراد نے عمرہ کیا ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ عمرہ کی بحالی سے لے کر اب تک 85 لاکھ  سے زیادہ افراد کو نماز اورعمرے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق  مقدس مساجد کی انتظامیہ نے ٹوئٹرپر بیان میں بتایا کہ 4 اکتوبر 2020 سے 6 فروری 2021 تک 22 لاکھ 14 ہزار افراد نے عمرہ اور 63 لاکھ 20 ہزار نے مسجد الحرام میں نماز ادا کی ہے۔
انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے زائرین کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے اور نماز و عمرے کے لیے محفوط ماحول فراہم کرنے پر کارکنان کا  شکریہ ادا کیا ہے۔ 
السدیس نے ’کورونا وبا کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں سعودی عرب کی خدمات‘ کے زیر عنوان آن لائن سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان مقدس مساجد کی انتظامیہ کی جانب سے جاری کی جانے والی فلموں اور خبروں کی پذیرائی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں میڈیاسب سے بڑا ہتھیار بن چکا ہے۔ ہم اس کے ذریعے اپنے عقائد، اپنی ثقافت، اپنا طریقہ کار، اخلاق، اقدار، روایات، میانہ روی اور اعتدال پسندی سے پوری دنیا کو روشناس کرا رہے ہیں۔
علاوہ ازیں مقدس شہروں میں زائرین کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا بھی تعارف کرا رہے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ سعودی قیادت زائرین کے لیے کیا کچھ کررہی ہے۔

شیئر: