Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور قلندرز کا ’دما دم مست قلندر‘ کب ہو گا؟

لاہور قلندرز کا شمار پاکستان سپر لیگ کی ان ٹیموں میں ہوتا ہے جن کے چاہنے والے تو بہت ہیں لیکن ان کے کھلاڑی ہمیشہ اپنے فینز کی خواہشات پر پانی پھیر دیتے ہیں۔
 گزشتہ سیزن میں کچھ مختلف ہوا اور لاہور قلندرز نے پی ایس ایل لیگ کی تاریخ رقم کرتے ہوئے نہ صرف پلے آف تک رسائی حاصل کی بلکہ رنرز اپ بھی رہے۔
لاہور قلندرز سے شائیقین کرکٹ کی محبت کی ایک وجہ ان کے فرنچائز کے مالک رانا فواد بھی ہیں۔ میچ کے دوران رانا فواد کے تاثرات سبھی کو بھا جاتے ہیں۔ اور وہ ہر بدلتی صورتحال پر اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کرتے ہیں۔
رواں سال لاہور قلندرز کے شائقین پُرامید ہیں کہ ان کی پسندیدہ ٹیم اپنی گزشتہ سال کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے بالآخر ٹائٹل اپنے نام کر لے گی۔

محمد حفیظ ہیں تو پھر فکر کیسی؟

لاہور قلندرز کے پاس اس ایونٹ میں فائنل تک رسائی کی سب سے بڑی سیڑھی محمد حفیظ ہیں۔
کیریئر کی بہترین فارم سے گزرنے والے محمد حفیظ کسی بھی ٹیم کے خلاف بڑے سے بڑا ہدف حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور سینئیر کھلاڑی کے لحاظ سے لاہور قلندرز کی ٹیم محمد حفیظ پر بڑی حد تک انحصار کرے گی۔

آسٹریلیا کے بین ڈنک لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن کو سنبھالیں گے

گزشتہ سیزن کی طرح پی ایس ایل کے چھٹے سیزن میں بھی لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن آسٹریلیا کے بین ڈنک کے کندھوں پر ہوگی۔ گزشتہ سیزن میں بین ڈنک کا ببل گم چباتے ہوئے بالرز کے چھکے چھڑانے کا انداز کافی مقبول ہوا تھا۔

بین ڈنک کے فلک شگاف چھکوں کو دیکھنے کے لیے کرکٹ شائقین منتظر ہیں۔ فائل فوٹو: پی ایس ایل

جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ویزے

جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ڈیود ویزے رواں برس ایک بار پھر لاہور قلندرز کی لوئر مڈل آرڈر کو سہارا دیں گے۔ ڈیوڈ ویزے محدود اوورز کی کرکٹ کے لیے جانے جاتے ہیں اور جارحانہ انداز کی وجہ سے ایسے کھلاڑی ہیں جو کبھی بھی میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔ ان کے علاوہ آل راؤنڈرز میں انگلینڈ کے سمت پٹیل بھی سکواڈ میں شامل ہیں۔

فخر زمان کے پاس قومی ٹیم میں واپسی کا اہم موقع

لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان کے پاس پاکستان سپر لیگ کا رواں ایڈشن پاکستان ٹیم میں واپسی کا بہترین موقع ہوگا۔ فخر زمان اس وقت فارم میں تو نہیں ہیں لیکن ان جیسے کھلاڑیوں کی فارم واپس آنے میں دیر نہیں لگتی اور جس روز وہ چل گئے اس دن اپنی ٹیم کو یقینی طور پر کامیاب بنائیں گے۔

افغانستان کے راشد خان اپنا جادو چلا پائیں گے؟


شاہین آفریدی میچ کے آخری اوورز میں بلے بازوں کو کھل کر نہیں کھیلنے دیتے۔ فائل فوٹو: پی ایس ایل

افغانستان کے بہترین سپن بولر راشد خان لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے جا رہے ہیں۔ سپن باؤلنگ کے علاوہ حال ہی میں راشد خان ایک ہارڈ ہٹر بلے باز کے طور پر بھی سامنے آئے ہیں اس لیے کسی ٹیم میں ان کی موجودگی ایک مثبت پہلو ہے لیکن  دیکھنا یہ ہوگا کہ کیا راشد خان دیگر لیگز کی طرح پی ایس ایل میں اپنا جادو چلا پائیں گے؟

حارث روف اور شاہین آفریدی کی جوڑی

پاکستان کرکٹ کے محدود اوورز کے بہترین گیند باز اس وقت لاہور قلندرز کا حصہ ہیں۔ حارث رؤف اور شاہین آفریدی کا ٹی 20 کرکٹ کا تجربہ لاہور قلندرز کی بالنگ لائن کی ریڑھ کی ہڈی ہوگا۔ دونوں گیند باز میچ کے آخری مرحلے میں بہترین باؤلنگ کی مہارت رکھتے ہیں اور آخری اوورز میں مخالف ٹیم کے رنز کو محدود کر لینا ٹی ٹونٹی کرکٹ میں جیت کا سب سے بڑا فیکٹر ہوتا ہے۔

شیئر: