جیگوار کمپنی کا 2025 سے انڈیا میں صرف الیکٹرک کاریں تیار کرنے کا اعلان
جے ایل آر انڈیا کی ٹاٹا موٹرز کی ملکیت ہے جو ایک بڑے کاروباری گروپ ٹاٹا کا حصہ ہے (فوٹو: اے ایف پی)
لگژری کاریں بنانے والی انڈین کمپنی جیگوار (جے ایل آر) نے کہا ہے کہ ’2025 سے صرف الیکٹرک کاریں تیار کرے گی جبکہ برطانیہ میں اپنے آپریشنز کی ازسر نو تشکیل کرے گی۔‘
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو ایک بیان میں جیگوار اور لینڈ روور نے کہا ہے کہ ’رواں دہائی کے درمیان میں کمپنی ایک نئی شکل میں سامنے آئے گی اور صرف الیکٹرک لگژری برانڈ کے طور پر ابھرے گی۔‘
جیگوار نے کہا ہے کہ ’سنہ 2039 تک یہ زیرو کاربن کمپنی ہو جائے گی۔‘
بیان کے مطابق ’برطانیہ میں کمپنی کے انفراسٹرکچر کو کم کر کے اس کی تشکیل نو کی جائے گا۔‘
تاہم یہ وضاحت نہیں کی گئی اس تشکیل نو کے دوران ملازمتیں ختم کرنے کا بھی کوئی منصوبہ زیرغور ہے۔
اس دوران کمپنی سنہ 2024 میں اپنی پہلی مکمل الیکٹرک لینڈ روور کار لانچ کرنے کے منصوبے کے تحت سالانہ ساڑھے تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’نئے منصوبے کے تحت کمپنی لینڈ روور اور جیگوار کے برانڈز کی الگ الگ الیکٹریفیکیشن منفرد آرکیٹیکچرز کے ساتھ کرے گی۔‘
زیرو کاربن اخراج منصوبے کے بارے میں کمپنی نے کہا ہے کہ ’کلین سیل فیول پاور ٹیکنالوجی پر مکمل انحصار کرنے کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘
بیان کے مطابق برطانیہ کی سڑکوں پر اگلے 12 ماہ میں ابتدائی گاڑیاں لانے کی تیاری بھی طویل سرمایہ کاری کے منصوبے کا حصہ ہے۔
جے ایل آر انڈیا کی ٹاٹا موٹرز کی ملکیت ہے جو ایک بڑے کاروبای گروپ ٹاٹا کا حصہ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’جے ایل آر ٹاٹا گروپ کی کمپنیوں کے ساتھ قریبی تعاون یقینی بنائے گا تاکہ تحقیق، پائیداری اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے کی نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی، ڈیٹا اور سوفٹ ویئر ڈویلپمنٹ میں آگے بڑھا جا سکے۔‘
یاد رہے کہ سنہ 2008 میں انڈیا کی کپمنی ٹاٹا نے جیگوار اور لینڈ روور بیرونی برانڈز کو دو ارب 30 کروڑ ڈالرز میں خریدا تھا۔