Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کچرے کی ٹوکری پر عربی نام، کینیڈین کمپنی کی معذرت

کمپنی نے ویب سائٹ پر پیش کی جانے والی ٹوکریوں کو واجد اور وسیم کے نام دیے تھے (فوٹو: عرب نیوز)
کینیڈا میں لکڑی کا سامان بنانے والی مشہور کمپنی کو اس وقت مشکل صورت حال کا سامنا کرنا پڑا اور معافی مانگنا پڑی جب اس نے کچرے کی ٹوکری پر عربی نام لکھ دیے۔
سٹرکٹیوب نامی فرنیچر کمپنی اپنی مصنوعات کو عام طور پر انسانوں کا نام دے کر پیش کرتی ہے، اسی وجہ سے اس کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر واجد اور وسیم نام کی ردی کی ٹوکریاں فروخت کے لیے پیش کی گئیں۔
یہ اشتہار سامنے آتے ہی موضوع بحث بن گیا اور اس پر سخت ردعمل سامنے آیا جس کی وجہ سے کمپنی کی جانب سے ان اشیا کو اپنی ویب سائٹ اور آن لائن سٹور سے ہٹا دیا گیا اور باقاعدہ معافی نامہ بھی جاری کیا۔
کمپنی کی جانب سے لکھا گیا کہ ’ہمیں معلوم ہوا ہے کہ کچرے کی ٹوکری پر کسی کا نام لکھا جانا غصے کا باعث بن سکتا ہے خصوصاً جب وہ نام کسی بھی نسل، مذہب یا اقلیتی برادری سے متعلق ہوں‘
کمپنی کے حکام کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ’نام بغیر کسی منصوبہ بندی کے ویسے ہی شامل کیے گئے اور یہ کام بری نیت سے نہیں کیا گیا۔‘
کمپنی کی جانب سے معافی سامنے آنے کے بعد بھی کئی لوگ برہم رہے اور کمپنی کا بائیکاٹ کرنے کا کہتے رہے۔
یاد رہے کہ یہ کمپنی 1974 میں کینیڈا کے شہر مونٹریال میں قائم کی گئی تھی۔
ایک شخص نے آن لائن تجویز دی کہ ’ٹوکریوں کا نام سینیئر سٹرکٹیوب ایگزیکٹیوز کے نام سے بدل دیا جائے۔‘
ایک اور صارف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’لوگ اتنے بے وقوف نہیں کہ آپ کی بات پر یقین کر لیں کہ مشرق وسطیٰ کے نام کچرے کی ٹوکری کے لیے استعمال کرنا حادثاتی یا غیرارادی طور پر ہوا۔‘

شیئر: