’کورال بلوم‘ میں انٹرنیشنل گالف کلب کا منفرد ڈیزائن
’کورال بلوم‘ میں انٹرنیشنل گالف کلب کا منفرد ڈیزائن
منگل 16 فروری 2021 17:38
چند ہفتوں کے دوران حتمی ڈیزائن جاری کردیے جائیں گے۔(فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں ریڈ سی ڈیولپمنٹ کمپنی نے کہا ہے کہ ’کورال بلوم‘ کے سب سے بڑے جزیرے میں انٹرنیشنل گالف کلب کا ڈیزائن منفرد طرز کا ہے۔
اس کا تصور ریڈ سی ڈیولپمنٹ کمپنی کے اصولوں سے لیا گیا ہے۔ اسی کے مطابق گالف کلب کے تشکیلی عناصر کے انتخاب کی کارروائی چل رہی ہے۔
العربیہ کے مطابق ریڈ سی ڈیولپمنٹ کمپنی نے کہا کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران گالف کلب کے حتمی ڈیزائن جاری کردیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’شریرۃ‘ جزیرے میں کئی مقابلے بھی ہوں گے۔ کوشش یہ ہوگی کہ ریڈ سی گالف کلب کو بین الاقوامی گالف کلبز کی فہرست میں جگہ مل جائے۔
اس حوالے سے گالف کی دنیا میں خداداد صلاحیت کے حامل سعودی کھلاڑیوں کو دریافت کیا جائے گا اور انہیں مہارتیں اجاگر کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
ریڈ سی ڈیولپمنٹ کمپنی نے بتایا کہ گالف کلب پروجیکٹ کا علاقہ 75 ولاز پر مشتمل ہوگا۔
گالف کلب جزیرے کے ساحل پر پینوراما کی شکل میں وسیع و عریض رقبے پر قائم کیا جائے گا اور یہاں عالمی معیار کے 18 ہولز ہوں گے- اس کی بدولت گالف سبزہ زاروں پر کھلی ہوا میں کھیلنے کی سہولت مہیا ہوگی۔
یاد رہےکہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حال ہی میں ریڈ سی پروجیکٹ کےسب سے بڑے جزیرے کے لیے ’کورال بلوم‘ ڈیزائن کا تصور جاری کیا تھا۔ یہ دنیا کے عظیم سیاحتی منصوبوں میں سے ایک ہوگا۔