Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابشر کے ذریعے خروج وعودہ میں توسیع کی کارروائی کیسے مکمل کریں؟

خروج نہائی  ویزا لگانے کے بعد 60 دن کی مہلت ہوتی ہے (فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پر عمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہے ان سے آگاہی ضروری ہے۔ 
محکمہ پاسپورٹ جوازات سے ایک شخص نے دریافت کیا کہ ’سائق خاص (فیملی ڈرائیور) کا خروج نہائی لگایا تھا مگر گزشتہ برس سفری پابندی کے باعث وہ نہ جا سکا اب دوبارہ خروج نہائی لگوانا چاہتا ہوں، اقامہ ایکسپائر ہو گیا ہے؟ 
جوازات کی جانب سے ٹوئٹر پر بتایا گیا ہے کہ خروج نہائی ویزا لگانے کے بعد 60 دن کی مہلت ہوتی ہے اس دوران سفر کرنا لازمی ہے اگر سفر نہ کیا جائے تو 60 دن ختم ہونے سے قبل اسے کینسل کرانا ہوگا۔ 
اس مدت کے دوران جبکہ خروج نہائی ویزا استعمال نہیں کیا اور مقررہ مدت بھی ختم ہو گئی ہے۔ اس لیے لازمی ہے کہ جرمانہ جو کہ ایک ہزار ریال ہے ادا کرنے کے بعد اقامہ تجدید کیا جائے بعد ازاں خروج نہائی یا خروج وعودہ ویزا حاصل کیاجا سکتا ہے۔ 
واضح رہے گزشتہ برس کورونا وائرس کی وجہ سے سعودی حکومت نے سفری پابندیوں کے دوران غیر ملکیوں کو خصوصی رعایت دی تھی جس کے مطابق ایسے افراد جوخروج وعودہ پر اپنے ملک گئے ہوئے تھے ان کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع کر دی گئی تھی۔
بعد ازاں توسیع کرنے کا اختیار دیا گیا تھا جس کے لیے ابشر اکاونٹ سے فیس ادا کرنے کے بعد ویزے کی مدت میں توسیع کرانا ممکن ہے۔ 
 جوازات کے قانون کے مطابق خروج وعودہ یا خروج نہائی ویزے کے اجرا کے بعد اس کی مدت یا دورانیہ میں تبدیلی نہیں ہو سکتی اگر ویزا استعمال نہ کیا گیا ہو تو اسے کینسل کرانا لازمی ہے بصورت دیگر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ 

سعودی حکومت نے سفری پابندیوں کے دوران غیر ملکیوں کو خصوصی رعایت دی تھی (فوٹو: ایس پی اے)

جوازات کے ٹوئٹر پر ایک شخص نے جس کے اہل خانہ جو کہ مملکت سے باہر گئے ہوئے ہیں دریافت کیا ہے کہ کورونا کے باعث عائد سفری پابندی کی وجہ سے اہل خانہ واپس نہیں آ سکے۔ خروج وعودہ کی مدت میں ابشر اکاونٹ سے توسیع کرائی جا سکتی ہے؟ 
 جوازات کا کہنا تھا کہ غیر ملکیوں کی سہولت کے لیے خروج وعودہ اور اقامہ کی مدت میں توسیع کا اختیار دیا گیا ہے۔ 
خروج وعودہ کی مدت میں ابشر اکاونٹ سے توسیع کرائی جاسکتی ہے تاہم اس کے لیے مقررہ فیس بھی جمع کرانے کے بعد توسیع کرائیں۔ 
یاد رہے کورونا وائرس کے بعد حکومت کی جانب سے خصوصی طور پر ابشر اکاونٹ کے ذریعے خروج وعودہ اور اقامہ کی مدت میں توسیع کا آپشن فراہم کیا گیا ہے تاہم بعض افراد اس حوالے سے غلطی یہ کرتے ہیں کہ وہ فیس جمع نہیں کراتے یا کچھ لوگ فیس جمع کرانے کے بعد یہ تصور کر لیتے ہیں کہ ویزے کی مدت میں توسیع ہو گئی۔ 

خروج وعودہ اور اقامہ کی مدت میں توسیع کا آپشن فراہم کیا گیا ہے(فوٹو: ایس پی اے)

فیس جمع کرانے کے بعد لازمی ہے کہ ابشر اکاونٹ کے ذریعے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کی کمانڈ دی جائے تاکہ کارروائی مکمل ہو سکے۔ 
ہر دو صورتوں میں پراسس مکمل کرنا لازمی ہے مطلوبہ دنوں یا ماہ کی فیس جمع کرانے کے بعد جوازات کے ابشر اکاونٹ کے ذریعے باقی کارروائی مکمل کرنا لازمی ہے۔ 
ایسا بھی دیکھا گیا ہے کہ بعض اوقات سسٹم میں ٹیکنیکل مسئلے کی وجہ سے خروج وعودہ کی توسیع کی کارروائی مکمل نہیں ہوتی۔
اس صورت میں ابشر اکاونٹ میں موجود سروس ’رسائل والطلبات‘ کے ذریعے پیش آنے والی مشکل بیان کی جائے تاکہ جو درشواری ہے اسے دور کیا جا سکے۔ 

شیئر: