تارکین اور ان کے اہل خانہ اقامے میں تصویر کیسے تبدیل کرائیں؟
تارکین اور ان کے اہل خانہ اقامے میں تصویر کیسے تبدیل کرائیں؟
اتوار 21 فروری 2021 0:53
فوٹو تبدیلی کے لیے جوازات کے دفتر سے رجوع کرنا ہو گا(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پر عمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہے ان سے آگاہی ضروری ہے۔
جوازات سے ایک شخص نے دریافت کیا ہے کہ بیٹے کے اقامہ میں جو تصویر لگی ہے وہ کافی پرانی ہے۔ اب شکل میں کچھ تبدیلی ہو گئی ہے ۔کیا اقامہ میں لگی تصویر کو تبدیل کیاجاسکتا ہے؟
محکمہ پاسپورٹ ’جوازات ‘ کی جانب سے تارکین کے اہل خانہ کے اقامے میں فوٹوکی تبدیلی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اقامہ میں موجود تصویر اور بچوں کی شکل میں تبدیلی ہونے کی صورت میں جوازات کے دفتر سے رجوع کرکے اقامہ میں لگی تصویر کو اپ ڈیٹ کرایا جا سکتا ہے۔
جوازات کے ٹوئٹر پر بتایا گیا کہ تصویر تبدیلی کے لیے جوازات کے دفتر سے رجوع کرنا ہو گا تاہم جانے سے قبل پیشگی وقت حاصل کرلیں۔
جوازات کا مزید کہنا تھا کہ اقامہ میں تصویر کی تبدیلی کا مرحلہ مشکل نہیں تاہم اگراقامے میں لگی تصویر کے مقابلے میں بچوں کی ’شکل ‘ میں کافی فرق پیدا ہو جائے تو اس صورت میں اسے تبدیل کرایا جا سکتا ہے۔
واضح رہے مملکت میں مقیم تارکین کے اہل خانہ جن میں اہلیہ اور بچے شامل ہیں کے اقامہ کارڈ پر ایکسپائری ڈیٹ درج نہیں ہوتی جو غیر محدود مدت کا ہوتا ہے جبکہ ورک ویزے پر مقیم تارکین کے اقامہ کارڈ کی مدت 5 برس ہوتی ہے۔
جوازات کے سسٹم میں اقامہ کی مدت سالانہ بنیاد پر بڑھائی جاتی ہے جبکہ کارڈ وہی رہتا ہے جس کی وجہ سے اکثر لوگوں کے بچے جن کے اقاموں پر 5 یا زیادہ برس قبل کی تصویر لگی تھی ان میں وقت کے ساتھ ساتھ فرق آنے پر شناخت مشکل ہو جاتی ہے اس حوالے سے جوازات میں تصویر اپ ڈیٹ کا سسٹم رکھا گیا ہے۔
تصویراپ ڈیٹ کرانے کےلیے جوازات کے قریبی دفتر میں جانے سے قبل پیشگی وقت حاصل کرنا بہتر ہے۔ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر پیشگی وقت لینے والوں کو ہی وقت مقررہ پر دفتر میں جانے کی اجازت ہوتی ہے۔
کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ کے حوالے سے عمران خیل معلوم کرنا چاہتے ہیں کہ ماسک کی خلاف ورزی پر ہونے والے چالان کی رقم ادا کرنا لازمی ہے یا اس کے بغیر خروج وعودہ ویزے یا اقامہ تجدید ہوسکتا ہے؟
یادرہے کہ کورونا سے حفاظت کےلیے وزارت صحت کی جانب سے احتیاطی تدابیر جاری کی گئی ہیں جن میں عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی ہے۔ جو افراد ماسک کا استعمال نہیں کرتے ان پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے۔
ماسک کی پابندی کا اصول لوگوں کی حفاظت کے لیے وضع کیا گیا ہے تاکہ کورونا کی وبا سے محفوظ رہا جاسکے۔
جوازات کے ٹوئٹر اکاونٹ پر کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کے جرمانہ کی عدم ادائیگی کی صورت میں اقامہ تجدید نہیں کرایا جاسکتا علاوہ ازیں خروج وعودہ یا خروج نہائی ویزا بھی حاصل نہیں کیاجاسکتا۔
جوازات کا مزید کہنا تھا کہ اقامہ تجدید کےلیے لازمی ہے کہ درخواست گزار کی فائل مرکزی سسٹم میں کسی بھی طرح کے جرمانے یا ادائیگی سے خالی ہو۔
اس ضمن میں ٹریفک چالان بھی شمار کیے جاتے ہیں اگر کسی کے ذمہ ٹریفک چالان ہوں تو ان کے اقامہ کی تجدید یا خروج وعودہ اور فائنل ایگزٹ اس وقت تک نہیں لگایا جاسکتا جب تک چالان کی رقم ادا نہ کردی جائے۔