کورونا کے باعث طائف میں گلاب میلہ ملتوی
’متفقہ طور پر فیصلہ ہوا ہے کہ شعبان کے بجائے میلہ ذو القعدہ میں رکھا جائے‘ ( فوٹو: سبق)
کورونا وبا کے باعث طائف گلاب میلہ ملتوی کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی فروغ کے تحت کام کرنے والا ادارہ برائے طائفی گلاب نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ منعقد ہونے والا میلہ ملتوی کردیا گیا ہے‘۔
’اب حالات کے حساب سے یہ میلہ حج سے پہلے ہوگا نیز اس کا نام ’گلاب میلہ‘ سے بدل کر ’گلاب کے مصنوعات کا میلہ‘ کر دیا گیا ہے‘۔
ادارے کے سربراہ محمد بن زید القرشی نے کہا ہے کہ ’ادارے کے ارکان اور مزارعین کا اجلاس ہوا ہے جس میں میلے کے حوالے سے ہر طرح کے ممکنات کا جائزہ لیا گیا ہے‘۔
’سب سے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ حالات میں میلہ منعقد کرنا مناسب نہیں نیز اس سے مقاصد حاصل نہیں ہوں گے‘۔
’اب یہ میلہ شعبان کے بجائے ذو القعدہ میں منعقد کیا جائے گا جس میں گلاب کی تمام مصنوعات کو بھی شامل کیا جائے گا‘۔