Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایران جوہری معاہدے پر رعایت حاصل کرنے کے لیے حوثیوں کو استعمال کر رہا ہے‘

رواں ماہ مارب میں جھڑپوں کے دوران ایران حامی حوثیوں اور حکومت کے کئی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
یمن کے وزیر اطلاعات معمر الاریانی نے کہا ہے کہ سنہ 2015 کے جوہری معاہدے پر رعایت حاصل کرنے کے لیے ایران کی حکومت بین الاقوامی کمیونٹی اور امریکہ پر دباؤ ڈالنے کے لیے حوثی ملیشیا بطور پریشر کارڈ استعمال کر رہا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے سعودی پریس ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ جمعرات کو یمن کے وزیر اطلاعات معمر الاریانی نے دعویٰ کیا کہ ایران حوثیوں پر زور دے رہا ہے کہ وہ یمن کے مارب صوبے میں خودکش بمباری کے ذریعے حالات مزید خراب کریں اور سعودی عرب میں شہریوں پر حملے کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ مارب میں حوثیوں کو تعداد اور اسلحے کی کمی کا سامنا ہے۔
الارانی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران حوثیوں کو حملے روکنے سے منع کر رہا ہے اور جنگ بندی کی پیش کش کا جائزہ لینے کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے تاکہ بات چیت میں تہران کی پوزیشن پر کوئی اثر نہ پڑے۔
انہوں نے ایک بار پھر بین الاقوامی برادری، اقوام متحدہ اور سکیورٹی کونسل کے مستقل ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے ایران کے یمن میں کردار پر مضبوط موقف اختیار کرنے کی درخواست کی۔
رواں ماہ مارب میں جھڑپوں کے دوران ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں اور حکومت کے کئی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، جس کے بعد مقامی افسران اور این جی اوز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایسی صورت حال سے یمن میں بحران مزید بڑھ جائے گا۔
مارب کے علاقے میں عرب اتحاد کی فورسز اور اتحافی قبائلی حوثیوں کا طویل عرصے سے مقابلہ کر ہے ہیں۔

شیئر: