سعودی یونیورسٹیوں میں کورونا ویکسین مراکز کھولنے کی تیاریاں
سعودی یونیورسٹیوں میں کورونا ویکسین مراکز کھولنے کی تیاریاں
ہفتہ 27 فروری 2021 20:17
سعودی یونیورسٹیوں نے کانفرنسوں ، سیمینارزاور ورکشاپس کا اہتمام بھی کیا۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کی متعدد یونیورسٹیوں نے کورونا ویکسین مراکز کھولنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ ان سے فیکلٹی، ان کے اہل خانہ اورسعودی شہریوں اور غیر ملکی افراد استفادہ کر سکیں گے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ ویکسینز ترجیح ، عمرکے گروپ کے اور منظور شدہ الیکٹرانک نظام کے مطابق دی جائیں گی۔
یہ اقدام وزیر تعلیم حمد الالشیخ کی رہنمائی میں وزارت تعلیم کی جانب سے کی جانے والی مساعی کا ایک حصہ ہے جس کا مقصد کورونا کی عالمی وبا سے نمٹنے کی بین الاقوامی کاوشوں میں شریک ہونا ہے۔
سعودی یونیورسٹیوں میں حفاظتی ٹیکوں کے مراکزکا قیام کمیونٹی کے لئے خدمات میں یونیورسٹیوں کے کردار پر زور دیتا ہے۔ یہ سعودی سرکاری اداروں کے مابین مشترکہ پروگراموں کے ایک طویل سلسلے کاحصہ بھی ہے۔
حمد الالشیخ کی ہدایات کے مطابق یونیورسٹیوں نے عالمی وبا سے نبردآزما ہونے کے لئے گزشتہ فروری سے ہنگامی منصوبے تیار کررکھے ہیں۔
ان میں مختلف پروگرام ، ایونٹس اور کمیونٹی کی ایسی سرگرمیاں شامل ہیں جو کورونا وائرس کے خطرے سے آگاہی پیدا کرسکیں۔
سعودی جامعات نے ریاستی اداروں کی مدد کے لئے یونیورسٹیزکے ہسپتالوں اور ہیلتھ سنٹرز میں انسانی اور تکنیکی صلاحیتوں کا استعمال بھی کیا نیز کورونا وائرس کے حوالے سے علیحدگی اور قرنطینہ کے لئے عمارتیں مختص کیں۔
سعودی اداروں نے یونیورسٹیوں میں فیکلٹی ممبران اور محققین کو ترغیب بھی دی کہ وہ سائنسی مطالعات، تحقیق اور ایجادات پیش کرکے کورونا وائرس کے خلاف ’’عالمی جنگ‘‘ میں مدد کریں۔
سعودی عرب کورونا وائرس پر سائنسی تحقیق کی اشاعت کے حوالے سے کی گئی درجہ بندی میں عرب دنیا میں پہلے، جی 20 ممالک میں 12 ویں اور عالمی سطح پر 14 ویں نمبر پر ہے۔
سعودی یونیورسٹیوں نے کانفرنسوں، فورمز، سائنسی سیمینارزاور ورکشاپس کا اہتمام بھی کیا۔
یہ ایونٹس امام عبد الرحمن بن فیصل یونیورسٹی میں سعودی ویکسین کی تیاری کے لئے سائنسی ٹیم کی جانب سے کئے جانیوالے کلینیکل ٹرائلز کی کامیابی کا حصہ تھے۔
ویکسی نیشن مراکز کنگ سعود یونیورسٹی، شہزادی نورہ بنت عبد الرحمن یونیورسٹی، امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی، مجمعہ یونیورسٹی، بیشہ یونیورسٹی، ام القریٰ یونیورسٹی، طائف یونیورسٹی، حائل یونیورسٹی، جازان یونیورسٹی، حفر الباطن یونیورسٹی اور دیگر میں تیار کئے جا رہے ہیں۔
خصوصی انتظامی کارکنان، طبی ٹیمیں تشکیل دیں گے تاکہ نئے مراکز پر کسی رکاوٹ کے بغیر ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔