Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا خروج وعودہ کی مدت میں ازخود توسیع ہو گی؟ 

جوازات کی سروسز حاصل کرنے کےلیے مختلف فیسیں مقرر ہیں(فوٹو سوشل میڈیا)
کوروناوائرس کا پھیلاو روکنے کے لیے سعودی عرب نے پاکستان سمیت 20 ممالک کےلیے یک طرفہ عارضی سفری پابندی عائد کی ہوئی ہے۔
ان ملکوں کے شہری جو مملکت میں موجود ہیں ان کے اپنے ملک جانے پرکوئی پابندی نہیں تاہم وہاں سے آنے والوں تاحال کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ 
 محکمہ پاسپورٹ کے ٹوئٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا ہے کہ سفری پابندی کے باعث مملکت نہیں آسکتا جبکہ خروج وعودہ کی تاریخ ختم ہونے میں دس دن باقی ہیں۔ کیا خروج وعودہ کی مدت میں حکومت کی جانب سے از خود توسیع ہو جائے گی؟ 
محکمہ پاسپورٹ جوازات نے جواب میں کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ’ابشر‘اکاونٹ پر یہ سہولت فراہم کی گئی ہے’ وہ تارکین جو بیرون ملک گئے ہوئے ہیں اور ان کے خروج وعودہ یا اقامے کی مدت ختم ہونے کے قریب ہے۔ اقامے یا خروج وعودہ کی مدت میں توسیع ’ابشر‘ اکاونٹ سے کی جاسکے گی تاہم اس کےلیے مطلوبہ مدت کی فیس ادا کرنا ہوگی‘۔ 
واضح رہے کارکنوں کے خروج وعودہ اور اقامہ کی مدت میں توسیع ’آجر‘ کے ابشر یا مقیم اکاونٹ سے ہی کی جاسکتی ہے۔ کارکن از خود اپنے ابشر اکاونٹ سے مدت میں توسیع کرنے کا مجاز نہیں۔
غیر ملکی اپنے اہل خانہ کے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع ابشر اکاونٹ سے کرنے کا مجاز ہے تاہم اس کےلیے لازمی ہے کہ پہلے مطلوبہ ماہ کی فیس ادا کی جائے جو 100 ریال فی ماہ ہے بعدازاں ابشر اکاونٹ کے ذریعے توسیع کی کارروائی مکمل کی جائے۔ 
بعض اوقات ابشر اکاونٹ سے توسیع کی کارروائی میں کسی قسم کی دشواری ہو جاتی ہے جس کےلیے ابشر میں ہی جوازات کی جانب سے ’رسائل والطلبات‘ کا آپشن دیا گیا ہے۔ اس آپشن کو استعمال کرتے ہوئے توسیع کی درخواست دی جاسکتی ہےجس میں اقامہ نمبر اور توسیع کی مدت ضرورظاہرکریں۔ 

غیر ملکی اہل خانہ کے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع ابشر سے کرسکتا ہے(فوٹو ٹوئٹر)

رسائل و الطلبات کی سروس کے ذریعے ایک درخواست کوبار بار اپ لوڈ نہ کیاجائے ۔ عام طورپر اس سروس کے ذریعے تین دن کے اندر کارروائی مکمل کردی جاتی ہے۔ 
ایک اور ٹوئٹر صارف نے جوازات میں جمع کرائی کی اضافی فیس کی واپسی کےطریقے کے حوالے سے دریافت کیا ہے۔ 
 جوازات کا کہنا تھا کہ ’ادارے میں جمع ہونے والی اضافی فیس لوٹائی جاسکتی ہے تاہم اس کےلیے وہی اکاونٹ استعمال کیاجائے جس کے ذریعے سے فیس جمع کرائی گئی تھی‘۔ 
واضح رہے جوازات کی سروسز حاصل کرنے کےلیے مختلف فیسیں مقرر ہیں جن میں خروج وعودہ وغیرہ کی خدمات شامل ہیں اگر کوئی شخص 2 ماہ کےلیے خروج وعودہ ویزا حاصل کرنے کا خواہاں ہو اور وہ چار سو کے بجائے 500 ریال جمع کرواتا ہے تو اس صورت میں جوازات کے اکاونٹ میں 400 ریال کاٹے جائیں گے جبکہ ایک سو ریال واپس حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
اگر باقی رقم جوازات کے اکاونٹ میں ہی رہتی ہے تو اسے دوسری سروس کےلیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔  

شیئر: