Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا ویکسین آنے سے تیل کی طلب میں اضافے کی امید‘

آرامکو سربراہ کے مطابق صدی کے سب سے بڑے بحران کا سامنا کرنا پڑا- (فوٹو: عاجل)
سعودی آرامکو کے سربراہ انجینیئر امین حسن الناصر نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کی تقسیم سے تیل کی طلب میں اضافے کی امید پیدا ہو رہی ہے۔ 
 توانائی کی سات روزہ ورچول کانفرنس کے ایجنڈے پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا ہے۔
کانفرنس کے شرکا پٹرول اور گیس کے شعبے کے رجحانات، اقتصادی رجحانات اور توانائی کے شعبے میں ممکنہ تبدیلیوں پر بحث مباحثہ کر رہے ہیں۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کانفرنس کے مباحثوں میں شیفرون کمپنی کے سینیئر ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مائیکل ورتھ اور آئی ایچ ایس کمپنی کے ڈپٹی چیئرمین میرکٹ ڈینیل یرجن بھی شریک ہیں۔ 
الناصر نے سعودی آرامکو پر کورونا وبا کے اثرات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں صدی کے سب سے بڑے بحران کا سامنا کرنا پڑا تاہم ہماری کمپنی دشوار حالات سے نمٹنے کی عادی ہے۔ ہم لچکدار رویہ اپنا لیتے ہیں جس سے مسائل کی گتھیاں تیزی سے سلجھ جاتی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا نے پوری دنیا کو کڑوے کسیلے حقائق  کا آئینہ دکھا دیا۔ اس وبا سے چھوٹے اور درمیانے سائز کی کمپنیاں بہت زیادہ متاثر ہوئیں۔ روزگار پر اس کا اثر پڑا۔ اس پہلو نے بے روزگاری کی شرح میں طویل المیعاد اضافے کے امکانات پیدا کر دیے ہیں۔ 
آرامکو کے سربراہ نے مستقبل قریب میں تیل  منڈی کے حوالے سے امید افزا زاویہ نظریہ کہہ کر پیش کیا کہ ’چین اور مشرقی ایشیا کے ممالک کی جانب سے تیل کی طلب بڑھ رہی ہے جبکہ انڈیا کی طرف سے تیل کی اتنی طلب پیدا ہوگئی ہے جتنا کہ وبا سے پہلے تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک اور امریکہ پر وبا کے اثرات اپنی جگہ پر مگر ویکسین کی تقسیم امید کا ماحول پیدا کر رہی ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 
 

شیئر: