سعودی عرب میں ریاض پولیس نے تجارتی مراکز میں لوٹ مار اور گاڑیاں چھیننے والے تین مقامی شہریوں کو گرفتارکیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان خالد الکریدیس نے بتایا کہ ملزمان تینوں سعودی شہری اورعمر کے دوسرے عشرے میں ہیں۔ ایک ہی انداز سے متعدد وارداتوں کا ارتکاب کیا تھا۔
مزید پڑھیں
-
ریاض کی موبائل شاپ میں ڈاکہ ڈالنے والے ملزمان پکڑے گئےNode ID: 541401
-
قطیف میں چوری اور ڈکیتی میں ملوث ملزمان پکڑے گئےNode ID: 542616
ترجمان نے بتایا کہ یہ نوجوان تجارتی مراکز سے سامان اٹھا لے جاتے تھے۔ راہگیروں کو اسلحہ کے بل پر لوٹ رہے تھے جبکہ گاڑیاں بھی چھیننے کی کئی وارداتیں کرچکے تھے۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس کے ماتحت انسداد جرائم کی سپیشل ٹیم نے شکایات موصول ہونے پر ملزمان کا پتہ لگا کر ان کا تعاقب کیا۔
ان کے قبضے سے دس گاڑیاں بازیاب کی گئی ہیں جبکہ وارداتوں میں استعمال ہونے والا ہتھیار برآمد کرکے ضبط کرلیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تینوں سعودی نوجوانوں کو مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی تکمیل کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔
علاوہ ازایں ریاض پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ دارالحکومت کے ایک محلے میں واقع ہیلتھ سینٹر پر فائرنگ کرنے والے کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وڈیو وائرل ہوجانے کے بعد پبلک پراسیکیوٹر شیخ سعود المعجب نے گرفتاری کا حکم جاری کیا تھا۔
اخبار 24 کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والا سعودی شہری ہے۔ کورونا ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے پر اسے ہیلتھ سینٹر میں داخل ہونے سے روکا گیا تھا جس پر اس نے طیش میں آکر فائرنگ کردی تھی۔ اس کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔