Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

12 نمازیوں کے وائرس میں مبتلا ہونے پر 12 مساجد بند

اب تک 208 مساجد بند کی گئی ہیں (فوٹو: المرصد)
وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے سعودی عرب کے پانچ علاقوں میں 12 نمازیوں کے وائرس میں مبتلا ہوجانے پر مزید 12 مساجد عارضی طور پر بند کردی ہیں-
جس کے بعد گذشتہ 25 روز کے دوران بند کی جانے والی مساجد کی تعداد  208 تک پہنچ گئی ہے-
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور کی جانب سے جمعرات کے روز بتایا گیا کہ ’188 مساجد سینیٹائزنگ اور صحت کے ضوابط پر عمل درآمد کی کارروائی مکمل ہونے پر بحال کردی گئیں- مساجد کی بندش اور کھولنے کا فیصلہ نمازیوں کی صحت و سلامتی کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے-
وزارت اسلامی امور نے آج بند کی جانے والی مساجد کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ ’تین مساجد کا تعلق ریاض، تین کا مکہ، تین کا مشرقی ریجن، دو کا حائل اور ایک کا عسیر ریجن سے ہے-‘
وزارت اسلامی امور نے جمعرات کو بحال کی جانے والی چھ مساجد کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ’ان میں سے تین ریاض، ایک عسیر، ایک مشرقی ریجن اور ایک حدود شمالیہ میں واقع ہے-‘
وزارت اسلامی امور نے تمام نمازیوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کے لیے مقرر ہونے والی تدابیر کی سختی سے پابندی کریں- مساجد میں جاتے اور نکلتے وقت بھیڑ سے پرہیز کریں- مساجد کے ائمہ، خطیب اور داعیان کرام ہر فرض نماز کے بعد نمازیوں کو نئے کورونا وائرس کے سنگین خطرات سے آگاہ کرنے کا اہتمام جاری رکھیں- خطبہ جمعہ میں تمام نمازیوں کو اپنے بھائیوں کی صحت و سلامتی کے حوالے سے فرض شناس بننے کی تاکید کریں-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: