حادثے سے شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے والی سعودی لڑکی
حادثے سے شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے والی سعودی لڑکی
اتوار 7 مارچ 2021 14:42
’13 سال کی عمر میں وہ ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک ٹانگ سے معذور ہوگئی‘ ( فوٹو: العربیہ)
کہتے ہیں کہ بعض اوقات المیے اور حادثے کے پیچھے کوئی بڑی کامیابی چھپی ہوتی ہے۔
سعودی عرب میں ایک لڑکی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے میں بھی ایساہی کچھ ہوا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق رائعہ العطاس کے ساتھ 13 سال کی عمر میں پیش آنے والا حادثہ ان کے لیے زندگی میں آگے بڑھنے کا ایک شاندار موقع ثابت ہوا جس نے انہیں شہرت اور عزت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
رائعہ العطاس کی عمر 13 سال تھی جب وہ ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک ٹانگ سے معذور ہوگئی مگر معذوری نے انہیں عالمی چیمپیئن بنا دیا۔
انہوں نے معذوری کو شکست دیتے ہوئے کھیل کے علاقائی اور عالمی مقابلوں میں حصہ لینا شروع کر دیا۔
انہوں نے کھیل کے میدان برف پر بہت چھوٹی عمر میں اسکیٹنگ شروع کی۔ اس کے علاوہ ہاکی اور رول بال کی خواتین ٹیم بھی تشکیل دے دی۔
انہوں نے کہاہے کہ ’ٹریفک حادثے میں ٹانگ کے زخمی ہونے کے بعد وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئی تاہم ماں کی کوششوں اور ترغیب سے کھیل کے میدان میں قدم رکھا اور اسکیٹنگ کا انتخاب کیا‘۔
’حادثے نے شہرت، عزت اور دولت سب کچھ دیا۔ یہ حادثہ پیش نہ آتا تو گم نامی کی زندگی گزار رہی ہوتی‘۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہاکی کی ٹریننگ کے لیے کوچ سالم حبشی کی خدمات حاصل کیں اور سلطان سلامہ کی قیادت میں پہلا کلب قائم کیا‘۔
ان کی ٹیم ابوظبی میں زاید ویمن آئس ہاکی چیمپین شپ اور ابو ظبی اور سویڈن میں ایک تربیتی کیمپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ ’وہ فی الحال ہاکی اور بیلے کے لیے خلیجی ممالک میں ہونے والے ٹورنامنٹس میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں‘۔
العطاس نے مزید کہا کہ جدہ ایگلز کی ٹیم 2018 میں اسپورٹس فار آل کی چھتری تلے قائم کی گئی تھی جبکہ ویمنز رول بال ٹیم صرف ایک سال قبل قائم کی گئی تھی۔
اس میں 32 کھلاڑی شامل ہیں۔ انہیں سپورٹس فار آل فیڈریشن اور ایڈونچر ایسوسی ایشن کی لاجسٹک سپورٹ حاصل ہے۔
اس وقت اس کی ایسوسی ایشن سے تعلق رکھنے والی صرف 4 ٹیمیں موجود ہیں جو فی الحال جدہ میں ہیں تاہم جلد ہی وہ ریاض میں بھی ٹیم تشکیل دیں گے۔