Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سُست رفتار انٹرنیٹ والے اینڈرائیڈ صارفین بھی اب انسٹاگرام استعمال کر سکیں گے

دنیا کی کل آبادی کا تقریبا 40 فیصد اب بھی انٹرنیٹ سے محروم ہے (فوٹو: فیس بک)
سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم فیس بک نے دیہی علاقوں میں مقیم یا سست رفتار انٹرنیٹ کنکشن رکھنے والے اینڈرائڈ صارفین کے لیے انسٹاگرام لائٹ ایپ لانچ کی ہے۔
انسٹاگرام لائٹ دنیا کے 170 ملکوں میں مقیم اینڈرائڈ یوزرز کو آج دس مارچ سے میسر ہو گی، جسے گوگل پلے سٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے گا۔
فیس بک کی جانب سے کمپنی بلاگ پر شائع پوسٹ کے مطابق تل ابیب اور نیویارک میں موجود ٹیموں کی تیاکردہ ایپلیکیشن کا مقصد دیہی یا دوردراز علاقوں کے مکینوں سمیت کمزور انٹرنیٹ کنکشن رکھنے والے افراد کو انسٹاگرام ایپ تک ایسی رسائی مہیا کرنا ہے جو انتہائی محدود ڈیٹا پر بھی کام کر سکے۔
تل ابیب سے تعلق رکھنے والی انسٹاگرام لائٹ کی پراڈکٹ مینیجر مشل لوری کے مطابق ’لوگ جہاں بھی ہوں ان کی خواہش ہوتی ہے کہ اپنے قریبی افراد سے حوصلہ پائیں اور محظوظ ہو سکیں تاہم محدود سٹوریج رکھنے والے ابتدائی درجے کے فونز کے ساتھ ایسا ممکن نہیں تھا‘۔
اسرائیلی دارالحکومت میں فیس بک کے ڈائریکٹر پراڈکٹ مینیجمنٹ زاچ ہیڈر کے مطابق ’ہماری ٹیم نے کمزور کنکشن رکھنے والے افراد کے لیے لائٹ ورژن بنایا ہے تاکہ کوئی بھی پیچھے نہ رہے۔ ہر ایک کے لیے انسٹاگرام کا استعمال ڈیوائس، پلیٹ فارم اور نیٹ ورک کے محدود ہونے کے باوجود تیز، قابل بھروسہ اور عمدہ معیار کا ہو‘۔

انسٹاگرام لائٹ میں خاص کیا؟

فیس بک کی ملکیتی ایپلیکیشن انسٹاگرام کا لائٹ ورژن اینڈرائڈ فونز کی صرف دو ایم بی سٹوریج چاہتا ہے جب کہ اصل ایپلیکیشن کو 30 ایم بی گنجائش چاہیے ہوتی ہے۔
لائٹ ورژن پر اہم فیچرز کو برقرار رکھا گیا ہے، ایپ کو مزید موثر بنانے کے لیے فیس بک کی تل ابیب ٹیم کی جانب سے کچھ عرصہ قبل تیار کی گئی فیس بک لائٹ ایپ سے بھی استفادہ کیا گیا ہے۔

چونکہ دیہی علاقوں کے صارفین شہری علاقوں کے ایپ یوزرز کے مقابلے میں ویڈیوز اور میسیجز کا استعمال زیادہ کرتے ہیں اس لیے ان صارفین کی خاطر نئے ورژن میں چہروں پر استعمال کیے جانے والے اے آر فلٹرز اور کیوب ٹرانزیشنز کو ہٹا دیا گیا ہے، البتہ جفس اور سٹکرز کو برقرار رکھا گیا ہے۔
ڈارک موڈ آپشن کو برقرار رکھا گیا ہے تاکہ جو صارفین روشن سفید بیک گراؤنڈ نہ استعمال کرنا چاہیں وہ سرمئی یا سیاہ کلر کو استعمال کر سکیں۔ اس کے نتیجے میں گنجان گھروں میں مقیم افراد دوسروں کو لائٹ سے ڈسٹرب کیے بغیر ڈارک ورژن سے مستفید ہو سکیں گے۔
فیس بک کا کہنا ہے کہ فی الوقت 170 ملکوں کے لیے متعارف کرائی گئی انسٹاگرام لائٹ جلد دنیا بھر کے تمام انٹرنیٹ صارفین کو میسر ہو گی۔
انٹرنیٹ ورلڈ سٹیٹس کے مطابق دنیا کی تقریبا 63 فیصد آبادی آن لائن ہے، سب سے زیادہ انٹرنیٹ استعمال کرنے کی شرح شمالی امریکہ میں ہے جہاں تقریبا 90 فیصد آبادی انٹرنیٹ سے منسلک ہے۔ پاکستان اور انڈیا میں یہ تعداد اب بھی خاصی کم ہے جہاں آبادی کے 35 تا 50 فیصد حصے کو انٹرنیٹ تک رسائی میسر ہے۔

شیئر: