کورونا وائرس: مزید 9 مساجد عارضی طور پر بند
گزشتہ 31 روز کے دوران مملکت میں 252 مساجد بند کی گئی ہیں۔(فوٹو عاجل)
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے مملکت کے پانچ علاقوں میں بارہ نمازیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر مزید 9 مساجد عارضی طور پر بند کی ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور نے ٹوئٹر کےسرکاری اکاؤنٹ پر بیان میں کہا کہ گزشتہ 31 روز کے دوران مملکت بھر میں 252 مساجد بند کی گئی ہیں۔ ان میں سے237 کو سینیٹائزنگ اور صحت و سلامتی کےانتظامات مکمل کرنے کے بعد بحال کردیا گیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور نے بتایا کہ 9 مساجد میں سے چار کا تعلق ریاض ریجن سے ہے جہاں چار نمازی کورونا سے متاثر پائے گئے۔ دو مساجد کا تعلق مکہ مکرمہ ریجن سے جہاں کورونا کے تین کیس پکڑے گئے-۔ ایک مسجد کا جازان سے تعلق ہے جہاں کورونا کے تین مریض پائے گئے-ْ ایک مسجد کا تبوک اور ایک کا حدود شمالیہ سے بھی ہےْ
وزارت اسلامی امور نے بیان میں کہا کہ بدھ کو 9 مساجد دوبارہ کھولی گئی ہیں۔ ان میں سے چھ کا تعلق ریاض، ایک کا تبوک، ایک کا جازان اور ایک کا مدینہ منورہ سے ہے- ان مساجد میں سینیٹائزنگ اور صحت و سلامتی کے انتظامات تسلی بخش ہوگئے تھے۔
وزارت اسلامی امور نے تمام نمازیوں اور مساجد کے منتظمین سے اپیل کی کہ وہ سب کی صحت و سلامتی کی خاطر کورونا ایس او پیز کی پابندی کریں۔
اس بات کا خیال رکھیں کہ اگر انہیں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا شبہ ہوجائے تب بھی نماز کے لیے مساجد نہ جائیں اور گھر پر نماز ادا کریں۔