کورونا وائرس: چار علاقوں میں مزید سات مساجد عارضی طور پر بند
گزشتہ 30 روز کے دوران 243 مساجد بند کی گئی ہیں (فوٹو عاجل)
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے منگل کو سعودی عرب کے چار علاقوں میں سات نمازیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر مزید سات مساجد عارضی طور پر بند کی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 30 روز کے دوران 243 مساجد بند کی گئی ہیں ان میں سے 228 مساجد کو سینیٹائزنگ اور صحت و سلامتی کے انتظامات مکمل ہونے پر دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
وزارت اسلامی امور نے بیان میں کہا ہے کہ ریاض ریجن میں دو نمازیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر دو مساجد، مشرقی ریجن میں دو نمازیوں کی دو مساجد، حائل ریجن میں دو نمازیوں کے باعث دو مساجد اور مکہ ریجن میں ایک نمازی کی وجہ سے ایک مسجد بند کی گئی ہے۔
بیان میں وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ منگل کو چار مساجد بحال کی گئیں۔ ان میں سے دو کا تعلق مکہ ریجن، ایک کا ریاض ریجن اور ایک کا القصیم ریجن سے ہے۔
وزارت اسلامی امور نے تمام نمازیوں اور مساجد کے منتظمین سے کہا ہے کہ وہ سب کی صحت و سلامتی کی خاطر کورونا ایس او پیز کی سختی سے پابندی کریں۔