سعودی عرب میں مقامی پروازوں کی بحالی میں تیزی
مملکت میں مقامی پروازوں کی ہفتہ وار تعداد بڑھ کر تین ہزار ہو چکی ہے (فوٹو: سپلائیڈ)
سعودی عرب کی اندرون ملک چلنے والی ایئرلائنز کے روٹس تیزی سے بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں جبکہ اس کی بڑی علاقائی حریف ایئرلائنز وبا کی وجہ سے طویل عرصے سے بند پڑی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق بدھ کو سی اے پی اے لائیو ایوی ایشن انڈسٹری کے ایونٹ میں کہا گیا کہ ’مملکت کا مقامی ایئرلائنز کا شعبہ اپنے ہمسایہ ممالک کی نسبت زیادہ تیزی اور مضبوطی سے بحال ہوا ہے۔‘
کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی ایوی ایشن کے سست روی کا شکار ہونے سے مشرق وسطیٰ کو اپنی ترقی پذیر مقامی مارکیٹ کی وجہ سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔
سی اے پی اے نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ’سنہ 2019 میں خطے کا مقامی فضائی مسافروں کے حوالے سے حصہ سب سے کم تھا اور مقامی فلائٹس میں پانچ سیٹوں میں سے صرف ایک سیٹ پر مقامی مسافر ہوتا تھا جبکہ اس کے مقابلے میں عالمی سطح پر یہ تناسب 59 فیصد ہے۔‘
اس کا مطلب ہے کہ بحرین، کویت، لبنان اور قطر جیسے ممالک اپنے طیاروں کو فضا میں رکھنے کے لیے مقامی پروازوں پر انحصار نہیں کر پائے ہیں۔
تاہم اس خطے کے سعودی عرب اور ایران جیسے بڑے ممالک کے پاس زیادہ بڑی مقامی مارکیٹیں ہیں۔
اس ضمن میں سی اے پی اے کے تجزیہ کار رچرڈ میسلن کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب میں مقامی ایرلائنز کی بحالی نے تعداد کے لحاظ سے پہلے ہی مثبت اثرات دکھائے ہیں۔‘
سی اے پی اے کے مطابق مملکت میں مقامی پروازوں کی ہفتہ وار تعداد بڑھ کر تین ہزار ہو چکی ہے۔
یہ تعداد گذشتہ سال کے پہلے دو ماہ میں کورونا وائرس کی پابندیوں سے پہلے کے مقابلے میں صرف 23 فیصد کم ہے۔
اس سے قبل ’فلائی اے ڈیل‘ کے سی ای او نے کہا تھا کہ ’سعودی عرب کی سستے ٹکٹ والی پروازوں کی تعداد میں گذشتہ سال کی نسبت صرف 10 فیصد کمی ہوئی ہے۔‘