جازان میں کورونا ویکسین کےلیے موبائل کلینکس
ویکسین سینٹر کا افتتاح پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔(فوٹو عاجل)
جازان یونیورسٹی نے کورونا ویکسین کی موبائل کلینک کا افتتاح کیا ہے۔ تیرہ روز سے پورے علاقے میں کورونا ویکسین کی مہم چلائی جا رہی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق جازان یونیورسٹی نے شمالی کورنیش پر موبائل کلینک بھییجی ہے جو کورونا ویکسین فراہم کررہی ہے۔
جازان یونیورسٹی کے ایجوکیشنل ہسپتال میں جو 105 کلینکس پر مشتمل ہے ویکسین سینٹر کا افتتاح پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔
جازان یونیورسٹی، شہر اور آرامکو ریفائنری کے کارکنان کو موبائل کلینکس کے ذریعے ویکسین فراہم کررہی ہے۔
جازان یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹر مرعی القحطانی نے کہا کہ ہمارا مقصد پورے علاقے کو نئے کورونا وائرس کووڈ 19 سے محفوظ بنانے میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ طلبہ اس مہم میں رضاکارانہ طور پر حصہ لے رہے ہیں۔
ایجوکیشنل ہسپتال میں طبی خدمات کے ادارے کے انچارج ڈاکٹر مدنی آل عیسی نے بتایا کہ ہمارے یہاں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں، بوڑھوں، لاعلاج امراض میں مبتلا افراد اور صحتی ایپ کے ذریعے ویکسین کی بکنگ کرانے والوں کو ہفتے کے ساتوں دن ویکسین فراہم کی جارہی ہے۔
آل عیسی نے کہا کہ جو لوگ ان زمروں میں شامل نہ ہوں وہ ’محصن‘ ایپ کے ذریعے اندراج کراسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں سینٹر پہنچ کر براہ راست بھی اندراج کرایا جاسکتا ہے۔