685 ملین ریال بیرون ملک ٹرانسفر کرنے والا گروہ گرفتار
’عدالت نے 28 سال قید، 13 ملین ریال جرمانہ اور ٹرانسفر کی جانے والی رقوم کو واپس کرنے کا فیصلہ سنایا ہے‘ (فوٹو: سبق)
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ نامعلوم ذرائع سے حاصل کی جانے والی رقوم بیرون ملک ٹرانسفر کرنے پر ایک شہری اور سعودی خاتون سمیت متعدد غیر ملکیوں کو گرفتار کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ادارے نے کہا ہے کہ ’مذکورہ شہریوں نے متعدد غیر ملکیوں کو قانونی سہولت فراہم کی ہے‘۔
’شہریوں نے متعدد بینک اکاؤنٹ اور سجل تجارتی کھول کر غیر ملکیوں کے حوالے کر دیا جنہوں نے نامعلوم ذرائع سے حاصل ہونے والی خطیر رقوم بیرون ملک ٹرانسفر کی ہے‘۔
ادارے نے مذکورہ افراد کو عدالت میں پیش کیا جس نے ان پر 28 سال قید، 13 ملین ریال جرمانہ اور بیرون ملک ٹرانسفر کی جانے والی رقوم کو واپس کرنے کا ابتدائی فیصلہ سنایا ہے‘۔
’ادارے نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان نے مجموعی طور پر 685 ملین ریال بیرون ملک ٹرانسفر کیے ہیں‘۔
ادارے نے کہا ہے کہ ’عدالت سے حتمی فیصلہ حاصل کرنے کے بعد بیرون ملک ٹرانسفر کی جانے والی رقوم کی واپسی کے لیے کوشش کی جائے گی‘۔