رمضان کے آخری عشرے میں مسجد نبوی چوبیس گھنٹے کھلے گی
رمضان کے آخری عشرے میں مسجد نبوی چوبیس گھنٹے کھلے گی
جمعہ 19 مارچ 2021 4:47
رمضان کےدوران ایک وقت میں 60 ہزار افراد نماز ادا کرسکیں گے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں مسجد نبوی انتظامیہ نے کہا ہے کہ رمضان کے دوران مسجد نبوی تراویح کے آدھے گھنٹے بعد بند ہوگی اور نماز فجر سے دو گھنٹے پہلے کھولی جائے گی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس سال رمضان کا آپریشنل پروگرام تیار کرلیا گیا ہے اور مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے منظوری دی ہے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ ڈاکٹر السدیس نے رمضان آپریشنل پروگرام کے حوالے سے گرین سگنل دیتے ہوئے کہا کہ کووڈ 19 نئے کورونا وائرس کی وبا شروع ہونے کے بعد سے لے کر اب تک جو کامیابیاں مسلسل حاصل کی ہیں ہمیں اس کا سلسلہ آگے بڑھانا ہے۔ غیرمعمولی حالات میں غیر معمولی خدمات نئے انداز سے پیش کرنا ہوں گی۔
رمضان آپریشنل پروگرام کے مطابق 45 ہزار نمازیوں کے لیے کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔
مسجد نبوی کے نئے مغربی صحنوں سے فائدہ اٹھایا جائے گا جہاں مزید 15 ہزار نمازیوں کو عبادت کا موقع ملے گا۔ اس طرح مسجد نبوی میں رمضان کے دوران ایک وقت میں 60 ہزار افراد نماز ادا کرسکیں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد نبوی تراویح کے آدھے گھنٹے بعد بند کردی جائے گی جبکہ اذان فجر سے دو گھنٹے قبل کھولی جائے گی البتہ رمضان کے آخری دس دن اس سے مستثنی ہوں گے۔آخری عشرے میں مسجد چوبیس گھنٹے کھلی رہے گی۔ آخری دس دنوں میں مسجد نبوی کے سارے صحنوں، چھتوں، دالانوں کو کھول دیا جائے گا۔ ہر جگہ زائرین نماز ادا کرسکیں گے البتہ مسجد نبوی کی پرانی عمارت اور روضہ شریفہ مسجد کے کارکنان اور جنازوں کے شرکا تک محدود رہیں گے۔