کورونا کے ایکٹیو کیسز بڑھ کر چار ہزار کے قریب
گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 367 نئے مریض سامنے آئے ہیں( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا کے نئے کیسز مسلسل 300 سے زیادہ سامنے آرہے ہیں۔ مملکت میں ایکٹیو کیسز بڑھ کر چار ہزار کے قریب ہوگئے ۔
سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’ اتوار کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 367 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 277 افراد وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے۔‘
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید سات مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد چھ ہزار 609 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد تین ہزار 999 ہو گئی ہے جن میں سے 584 کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 165 ہے جبکہ الشرقیہ ریجن میں 74 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
مکہ ریجن میں 46، القصیم ریجن میں 18، حائل ریجن میں 15، عسیر ریجن میں 12 ، مدینہ منورہ ریجن میں گیارہ، تبوک ریجن میں نو، الحدود الشمالیہ ریجن میں چھ، الجوف ریجن میں چار، جازان ریجن میں تین جبکہ نجران اور الباحہ ریجن میں دو، دو مریض سامنے آئے ہیں۔
اب تک تین لاکھ 85 ہزار 20 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے تین لاکھ 74 ہزار 412 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مقرر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔‘