Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملائیشیا نے سعودی تعاون سے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی

ملائیشیا کی تاریخ میں منشیات کی سمگلنگ کی سب سے بڑی کوشش ہے(فوٹو سبق)
ملائیشیا کسٹم نے سعودی وزارت داخلہ کے تعاون سے 94.8 ملین نشہ آور گولیاں ضبط کی ہیں۔ اس کی مالیت کا تخمینہ 5.2 ارب رنگیٹ کا ہے جو سعودی کرنسی میں 4.7 ارب ریال بنتے ہیں۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق ملائیشیا کی کلینگ بندرگاہ سے کنٹینرز کے ذریعے نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ یہ ملائیشیا کی تاریخ میں منشیات کی سمگلنگ کی سب سے بڑی کوشش مانی جارہی ہے جسے ناکام بنادیا گیا۔ 
ملائیشیا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق کسٹم ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ ملائیشین کسٹم، ملائیشین پولیس اور سعودی وزارت داخلہ کے ماتحت ادارہ انسداد منشیات کے درمیان تعاون کی بدولت نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی جاسکی۔
اخبار 24 کے مطابق یہ نشہ آور گولیاں مشرقی ایشیا کے ایک ملک سمگل کی جانے والی تھیں۔
ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ نشہ آور گولیوں کا وزن  16 ٹن تھا اور یہ گولیاں 3 کنٹینرز کے پہیوں میں مہارت سے چھپائی گئی تھیں۔ ملائیشیا کی بندرگاہ  سے مشرق وسطی کے ایک ملک سے بھیجی جا رہی تھیں۔

شیئر: