مصر میں دو ٹرینیں ٹکرا گئیں، 32 افراد ہلاک متعدد زخمی
سوہاگ ریلوے سٹیشن کے قریب نامعلوم افراد نے ہنگامی بریکس لگا دیں جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا (فوٹو: عرب نیوز)
مصر میں دو ریل گاڑیوں کے درمیان ٹکرکی وجہ سے 32 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق جمعے کو قاہرہ میں پیش آنے والے حادثے کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ چند نامعلوم افراد نے سوہاگ نامی سٹیشن کے قریب ہنگامی بریکس لگا دیں جس کے نتیجے میں پیچھے سے آنے والی گاڑی اس سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے نتیجے میں آگ لگ گئی اور گاڑیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
سکائی نیوز عریبیہ کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ پولیس نے دونوں ڈرائیورز کو گرفتار کر لیا ہے۔
محمکہ صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 70 کے قریب افراد حادثے میں زخمی ہوئے ہیں
مصر کے مقامی میڈیا میں بتایا جا رہا ہے کہ حکام کی جانب سے درجنوں ایمبولینسز جائے وقوع کی طرف بھیجی گئی ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق زخمیوں کو مراگاہ، تہتہ اور سوہاگ کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
مصر کے وزیر ٹرانسپورٹ جائے وقوع کا دورہ کریں گے۔
مقامی میڈیا میں دکھائی جانے والی تصویروں میں ایک دوسرے سے ٹکرانے والی ٹرینز ایک دریا کے اوپر پٹڑی سے اتری ہوئی نظر آ رہی ہیں۔