جزائر فرسان میں غوطہ خوروں اور رضاکاروں کی صفائی مہم
مہم کے دوران 700 کلو گرام سے زیادہ کچرا اور فضلہ اکھٹا کیا گیا ہے( فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے جنوب مغرب میں جزائر فرسان میں غوطہ خوروں اور رضاکاروں نے سمندر کی تہ اور ساحل کی صفائی مہم میں حصہ لیا ہے۔
غوطہ خوروں نے اس مہم کے دوران 700 کلو گرام سے زیادہ کچرا اور فضلہ اکھٹا کیا جس کا مقصد ماحولیات اور رضاکارانہ خدمات کے بارے میں آگاہی پھیلانا اور بحری زندگی کی حفاظت کرنا ہے۔
سعودی خبر رساں اداے ایس پی اے کے مطابق اس مہم کی نگرانی جزائر فرسان کی ماہی گیری، گورنریٹ کی میونسپلٹی، بارڈر گارڈز کی کمانڈ، نیشنل سینٹر برائے وائلڈ لائف اور ہلال احمر کی مقامی شاخوں نے کی۔
یہ سعودی ماحولیات ہفتہ کے ایک حصے کے طور پر ہونے والی سرگرمیوں میں سے ایک تھی۔
گورنر فرسان حسین الحازمی نے ماحولیات کے تحفظ میں جنگلات کی زندگی اور اسلامی اقدار کے تصور کو تقویت دینے اور ماحو لیات کے حوالے افراد کی ذمہ داری کو بڑھانے میں اس طرح کی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔
خیال رہے کہ جزائر فرسان بحیرہ احمر کے جنوب مشرق میں واقع اور جازان کے ساحل سے 42 کلومیٹر کی دوری پر ہیں۔
ان خوبصورت جزائر کا مجموعی رقبہ 5408 مربع کلو میٹر پر مشتمل ہے۔
جزائر فرسان 84 جزائر کا مجموعہ ہے۔ ان میں سب سے بڑے جزیرے کا نام فرسان کبیر اور سب سے چھوٹے کا فرسان صغیر ہے۔
ان جزائر میں بسنے والے لوگوں کا زیادہ تر گذر بسر مچھلی کے شکار پر ہوتا ہے۔
جزائر فرسان کے ساحلی علاقوں پر پہاڑی سلسلے ان کی خوبصورتی میں اور بھی اضافہ کرتے ہیں۔
ان جزائر کے ساحلوں پر موجود سفید چمکدار ریت، انواع اقسام کی آبی حیات اور جزائر کی سطح پر موجود سبزہ اس کی دلکشی اور خوبصورتی میں اور بھی اضافہ کرتا ہے۔