ایران اور چین کے درمیان دوطرفہ تعاون کا 25 سالہ معاہدہ طے
اس معاہدے کی تجویز جنوری 2016 میں چین کے صدر شی جن پنگ نے تہران کے دورے کے دوران دی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
ایران اور چین کے درمیان سنیچر کو دو طرفہ تعاون کا 25 سالہ معاہدہ طے پایا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ایران کے سرکاری ٹی وی چینل کو بتایا کہ اس معاہدے میں 'سیاسی، سٹریٹیجک اور معاشی' امور شامل ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ، 'ہم مانتے ہیں کہ یہ دستاویز (ایران اور چین کے تعلقات) گہرے کرنے میں موثر ثابت ہوگی۔'
انہوں نے بتایا کہ اس معاہدے کی تجویز جنوری 2016 میں چین کے صدر شی جن پنگ نے تہران کے ایک دورے کے دوران دی تھی۔
شی جن پنگ اور ان کے ایرانی ہم منصب حسن روحانی کے درمیان اس وقت ٹرانسپورٹ، بندرگاہوں، توانائی اور صنعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔