ریاض میں لوٹ مار اور گاڑیاں چھننے میں ملوث گروہ گرفتار
ملزمان پولیس اہلکاروں کے بھیس میں گیسٹ ہاوسز میں ڈاکے ڈال رہے تھے۔(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں ریاض پولیس نے دارالحکومت کے کئی علاقوں میں اسلحے کے بل پر لوٹ مار اور گاڑیاں چھیننے کرنے والے گروہ کو گرفتارکیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان خالد الکریدیس نے بتایا کہ گروہ تین سعودی شہریوں پر مشتمل ہے۔
ملزمان پولیس اہلکاروں کے بھیس میں گیسٹ ہاوسز میں ڈاکے ڈال رہے تھے۔ وہاں موجود قیمتی اشیا قبضے میں کرکے فرار ہوجاتے تھے۔ گرفتاری کے وقت پولیس سے مقابلہ بھی کیا۔
ترجمان نے بیا ن میں کہا کہ ملزمان کے قبضے سے دو پستول، نشہ آور اشیا اور متعدد مسروقہ گاڑیوں کی 8 نمبر پلیٹیں برآمد ہوئی ہیں۔
تینوں کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا اور قانونی کارروائی کی تکمیل کے لیے انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الافلاج پولیس نے مقامی شہری کے اکاؤنٹ سے اے ٹی ایم کے ذریعے 5 ہزار ریال نکالنے والے ایک مقیم غیرملکی کو گرفتار کیا ہے۔
بزرگ شہری نے رپورٹ درج کرائی تھی کہ اس نے سفر کے دوران الافلاج روڈ پر واقع اے ٹی ایم سے تین ہزار نکالے تھے۔ تھوڑی دیر بعد موبائل پر مزید 5 ہزار ریال نکالے جانے پر ایس ایم ایس ملنے پر حیران رہ گیا۔
ابھی اسی مخمصے میں تھا کہ ایک تجارتی مرکز سے 36 ریال کا سامان خریدنے کا بل ملا تب اسے احساس ہوا کہ اپنا کارڈ اے ٹی ایم میں بھول کر آیا تھا۔
پولیس نے رپورٹ ملتے ہی آدھے گھنٹے کے اندر غیرملکی کو گرفتار کرلیا۔ اس کے قبضے سے رقم برآمد کرلی۔ اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔