Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انسداد دہشت گردی کے لیے اقوام متحدہ اور سعودی عرب میں باہمی تعاون کا معاہدہ

سعودی عرب میں انسداد انتہا پسندانہ افکار کےعالمی مرکز (اعتدال) اور اقوام متحدہ کے مرکز برائے انسداد دہشتگردی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
فریقین تشدد، انتہا پسندی اور دہشتگردی کے انسداد میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ اقوام متحدہ کے مرکز برائے انسداد دہشتگردی (یو این سی سی ٹی) کے سیکریٹری جنرل  ولادمیرکورنیکوف اور مرکز اعتدال کے سیکریٹری جنرل منصور الشمری نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
اس موقع پر اقوام متحدہ میں متعین سعودی سفیرعبداللہ المعلمی (یو این سی  سی ٹی) کے مشاورتی کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے موجود تھے۔

فریقین دہشتگردی کے انسداد کے لیے مشترکہ پروگرام تیار کریں گے۔(فوٹو العربیہ)

مفاہمتی یادداشت کثیر المقاصد ہے۔ فریقین دہشتگردی کے انسداد کے لیے اقوام متحدہ کی عالمی حکمت عملی نافذ کرنے کے لیے مشترکہ پروگرام تیار کریں گے۔
دہشتگردانہ مقاصد کے لیے انٹرنیٹ کا استعمال روکیں گے۔ پر تشدد انتہا پسندی کو روکنے کے لیے سٹراٹیجک رابطے کریں گے۔ نوجوانوں میں آگہی بڑھانے، روا داری کے پرچار اور دہشتگردی سے متاثرین کی مدد کے لیے مہم چلائیں گے۔ 
عبداللہ المعلمی نے کہا کہ اقوام متحدہ کا مرکز برائے انسداد دہشتگردی اہم کردار ادا کررہا ہے۔ یہ منفرد مرکز ہے- مفاہمتی یادداشت پر دستخط نے ظاہر کردیا ہے کہ سعودی عرب دہشتگردی کے انسداد کے حوالے سے اپنے فرض سے غافل نہیں ہے۔  
کورنیکوف نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت دونوں تنظیموں کے درمیان پائدار اور عملی شراکت کا نکتہ آغاز ثابت ہوگی۔ فریقین ٹیکنالوجی، تجزیہ کاری اور عالمی  مہارتوں کی تشکیل کے شعبے میں ایک دوسرے کی منفرد خوبیوں سے فائدہ اٹھائیں گے۔
اقوام متحدہ کا مرکز برائے انسداد دہشتگردی اور مرکز اعتدال پر تشدد انتہا پسندی کو روکنے کے سلسلے میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔
منصور الشمری کا کہنا تھا کہ مرکز اعتدال  دہشتگردی کے انسداد کے لیے اقوام متحدہ کی حکمت عملی کو تقویت پہنچائے گا اور یہ کام انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں انجام دے گا۔ 

شیئر: