عمرہ اجازت ناموں کی خلاف ورزیوں کی نگرانی
زائرین کے پاس ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے مقررہ وقت والے اجازت نامے نہیں تھے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ جمعہ دو اپریل کو استقبالیہ مراکز میں غیر قانونی اجازت نامہ ہولڈرز اوراجازت ناموں میں عمرہ و نماز کے لیے مقررہ وقت کی پابندی نہ کرنے والے ریکارڈ پر آئے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق نائب وزیر حج و عمرہ نے بتایا کہ یہ زائرین مسجد الحرام کے قریب استقبالیہ مراکز پہنچ گئے تھے۔ ان کے پاس ’اعتمرنا ایپ‘ کے ذریعے مقررہ وقت والے اجازت نامے نہیں تھے۔
انہوں نے بتایا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو یہ بات سمجھا دی گئی ہے کہ ان کے عمرہ یا نماز والے اجازت نامے موثر نہیں ہیں۔ انہیں یہ بھی بتا دیا گیا کہ اعتمرنا ایپ سے جاری ہونے والے عمرہ یا نماز کےاجازت ناموں میں عمرے یا نماز کا وقت مقرر ہوتا ہے۔ ایسا زائرین کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے ایک وقت میں صرف اتنے ہی لوگوں کو عمرے اور نماز کی اجازت دی جارہی ہے جن کی موجودگی میں سماجی فاصلے کی پابندی کی جا سکے۔
نائب وزیر حج و عمرہ نے تمام زائرین سے اپیل کی کہ وہ مکہ مکرمہ کا رخ کرنے سے قبل اس بات کا اطمینان کرلیں کہ ان کے پاس جو اجازت نامہ ہے وہ اعتمرنا ایپ سے جاری شدہ ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی زائر فرضی اجازت نامے جاری کرنے والے غیر سرکاری ادارے سے معاملہ نہ کرے۔ اگر کوئی ادارہ یا شخص انہیں اعتمرنا ایپ کے علاوہ کسی اور ذریعے سے عمرہ یا نماز کا اجازت نامہ دے رہا ہو تو اس کی رپورٹ کریں۔