Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا: چار شہروں میں سات مساجد عارضی طور پر بند

سینیٹائزنگ کے بعد اب تک 502 مساجد کو کھولا گیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز مملکت کے چار شہروں کی سات مساجد کو کورونا کیسز سامنے آنے پر عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
ویب نیوز اخبار 24 کے مطابق وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ریاض ریجن میں تین، شمالی حدود کے علاقے میں دو، عسیر اور الباحہ ریجن میں ایک، ایک مسجد میں کورونا کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں سینیٹائزنگ کے لیے عارضی طورپر بند کردیا گیا۔‘
وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ ’اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے 526 مساجد کو بند کرکے ان کی مکمل سینیٹائزنگ کی گئی، جس کے بعد 502 مساجد کو دوبارہ کھول دیا گیا۔‘
واضح رہے کہ وزارت اسلامی امور نے مملکت کے تمام شہروں کے مساجد کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی مسجد میں کورونا وائرس کے مریض کی تصدیق ہونے پر فوری طور پر وزارت کے متعلقہ شعبے کو مطلع کیا جائے۔
وزارت نے مساجد میں آنے والے نمازیوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ سختی سے مقررہ ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے صفوں کے درمیان سماجی فاصلے کا خصوصی خیال رکھیں اور نماز باجماعت کی ادائیگی کے لیے آتے وقت اپنی جائے نماز ہمراہ لائیں۔
 
 

شیئر: