چارعلاقوں میں مزید 14 مساجد عارضی طور پر بند
454 مساجد سینیٹائزنگ کے بعد دوبارہ کھولی جا چکی ہیں۔ ( فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے کہا ہے کہ مملکت کے چار علاقوں میں 14 نمازیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر 14 مساجد عارضی طور پر بند کی گئی ہیں۔
گزشتہ 57 دنوں کے دوران بند کی جانے والی مساجد کی تعداد 475 تک پہنچ گئی۔ ان میں سے 454 مساجد سینیٹائزنگ کی کارروائی کے بعد کھولی جا چکی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ بند کی جانے والی مساجد میں سے 6 کا تعلق ریاض ریجن، تین، تین کا مکہ مکرمہ اور القصیم ریجنوں اور دو کا الشرقیہ ریجن سے ہے۔
وزارت اسلامی امور نے بیان میں کہا کہ پیر کو تیرہ مساجد سینیٹائزنگ کے بعد دوبارہ کھولی گئی ہیں۔ ان میں سے 5 کا تعلق القصیم ریجن، تین کا مکہ مکرمہ ریجن اور باقی پانچ کا تعلق ریاض، الشرقیہ، حدود شمالیہ،عسیر اورجازان سے ہے۔