سعودی سفیر کی وفاقی وزیر عمر ایوب خان سے ملاقات
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: ٹوئٹر، سعودی سفارت خانہ)
پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان کے وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب خان سے ملاقات کی ہے۔
سعودی سفارت خانے کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ ملاقات منگل کو اسلام آباد میں وزارت بجلی کے دفتر میں ہوئی۔
قبل ازیں وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب خان نے سعودی عرب کے سفیر نواب بن سعید المالکی کے ان کے دفتر پہنچنے پر ان کا استقبال کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب خان نے سعودی سفیر کو حکومت کی جانب سے توانائی اور پٹرولیم سیکٹر میں ہونے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان قائم دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔
اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا تھا کہ دونوں مسلم ممالک کے مابین معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔