Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 اکاؤنٹ اپ ڈیٹ فراڈ میں ملوث 24 رکنی گروہ گرفتار

ملزموں کا تعلق پاکستان سے ہے، ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا (فوٹو: ٹوئٹر)
پولیس نے مختلف علاقوں میں سرگرم بینک اکاؤنٹ اپ ڈیٹ اور انعامی رقم نکلنے کا کہہ کرلوگوں کو لوٹنے والے بڑے نیٹ ورک کا سراغ لگا کرکارروائی کی ہے۔
اس حوالے سے ریاض ریجن کے پولیس ترجمان میجر خالد الکریدیس نے کہا ہے کہ ’مکہ، عسیر اور مشرقی ریجن میں لوگوں کو انعام نکلنے کا بتا کر لوٹنے والے 24 رکنی گروہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔‘
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملزموں کا تعلق پاکستان سے ہے، جن کے قبضے سے 73 موبائل فونز اور 67 ہزار 506 ریال بھی برآمد ہوئے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے ریجنل پولیس ترجمان میجر خالد الکریدیس کے حوالے سے کہا ہے کہ ’قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے فرضی بینک اکاؤنٹ اپ ڈیٹ کرانے والے ایک بڑے گروہ کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔‘

ملزم اب تک لوگوں سے 35 ملین ریال لوٹ چکے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

ملزموں سے کی جانے والی ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ وہ لوگوں سے اب تک 35 ملین ریال لوٹ چکے ہیں۔ گروہ کے ارکان اپنے شکار کے موبائل پر خود کو بینک کے اہلکار ظاہر کرتے ہوئے ان سے بینک اکاؤنٹ اپ ڈیٹ کرنے کے لیے اکاؤنٹ کی تفصیلات حاصل کرتے، بعدازاں اکاؤنٹ میں موجود تمام رقوم نکال لیتے تھے۔
گرفتار گروہ کے ارکان لوگوں کو انعامی رقم نکلنے کی نوید سنا کربھی انہیں لوٹا کرتے تھے۔ ریجنل ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی اور لوٹ مارکا کیس درج کرنے کے بعد انہیں متعلقہ ادارے کے سپرد کردیا گیا جہاں سے مقدمہ عدالت میں بھیجا جائے گا۔
یاد رہے ماضی میں ٹیلی فون کمپنیوں کے ناموں سے انعامی سکیم کا کہہ کر لوٹنے کا سلسلہ کافی عرصہ رہا تھا جس میں بے شمار لوگ لاکھوں ریال سے محروم ہوئے۔
ٹیلی فون موبائل انعامی سکیم کے بعد بینک اکاؤنٹ اپ ڈیٹ کرانے کے فراڈ کا آغاز ہوا، جس کے ذریعے جعل ساز اپنے شکار کے اکاؤنٹ سے تمام رقوم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرلیتے۔
اس حوالے سے بینکنگ کونسل کی جانب سے بھی متعدد بار لوگوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ کسی بھی انجانے شخص کو اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات اور خفیہ کوڈ قطعاً نہ دیں۔

شیئر: