لبنان: ’سورج کے شہر‘ میں سلطنت روم کے آثار قدیمہ کی سیر کے لیے ایپ
لبنان: ’سورج کے شہر‘ میں سلطنت روم کے آثار قدیمہ کی سیر کے لیے ایپ
جمعرات 22 اپریل 2021 17:03
بالبک کا شمار اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں ہوتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
لبنان کے دس ہزار سال پرانے شہر بالبک کا شمار تاریخی اور اہم قدیمی مقامات میں ہوتا ہے۔ بالبک کو ’سورج کا شہر‘ بھی کہا جاتا ہے جہاں رومن سلطنت کے آثار قدیمہ بکھرے پڑے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق 1898 میں جرمنی کے آخری بادشاہ قیصر ولہیلم دوم اور ان کی اہلیہ نے سورج کے شہر بالبک کا دورہ کیا تھا۔
اس شہر کے رومن آثار قدیمہ دیکھ کر جرمن بادشاہ اس قدر حیران رہ گئے تھے کہ انہوں نے اس مقام کی کھدائی کروانے کا ارادہ کیا تاکہ آثار قدیمہ کی مکمل دریافت ہو سکے۔
قیصر کے بالبک میں قیام کے ایک سال بعد 1998 میں لبنانی اور جرمن اداروں کے تعاون سے اس شہر میں میوزیم قائم کیا گیا جہاں رومن، یونانی اور بازنطینی نوادرات رکھے گئے۔
بالبک کا شمار اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں ہوتا ہے۔
لبنانی محکمہ نوادرات، جرمن آرکیالوجی انسٹی ٹیوٹ اور امریکی سیاحتی کمپنی فلائی اوور زون کے تعاون سے ایپ تیار کی گئی ہے جس کے ذریعے بالبک کے قدیمی مقامات کو اپنے فون یا ٹیبلٹ پر دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ایپ کے ذریعے بالبک کے قدیمی مقامات کا 38 منٹ کا معلوماتی دورہ انگریزی، عربی، فرانسیسی اور جرمن زبانوں میں کیا جا سکتا ہے۔
اس دورے کے سب سے اہم مقامات باخوس اور مشتری کے مندر ہیں جو دیگر مقامات کے مقابلے میں بہتر حالت میں محفوظ ہیں۔
’بالبک ری بورن‘ نامی یہ ایپ مارچ کے مہینے میں لانچ کی گئی تھی۔ ایپ کے پراجکٹ منیجر ہیننگ بروٹز کا کہنا ہے کہ اس ایپ کا مقصد قطعاً یہ نہیں کہ ان مقامات کو جا کر حقیقت میں نہ دیکھا جائے۔
ہیننگ بروٹز کے مطابق یہ ایپ لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنے کا بہترین طریقہ ہے کہ وہ ان مقامات کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔
عرب ممالک میں بالبک کو تاریخی مقام کے علاوہ آرٹسٹک حیثیت بھی حاصل ہے۔ بالبک میں ہونے والے عالمی فیسٹیول کے موقع پر مشہور مغربی اداکاروں نے اپنی پرفارمنس بھی دی تھی۔
بالبک کے مندر اپنی تاریخی حیثیت کے باعث 1950 اور 1960 کی دہائی میں سیاحتی اور ایوی ایشن انڈسٹری کے پوسٹرز پر بھی نظر آیا کرتے تھے۔ ایپ کے پراجکٹ منیجر ہیننگ بروٹز کے مطابق ’بالبک ری بورن‘ ایپ کے مارچ میں لانچ ہونے کے بعد اب تک 9 ہزار مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔