Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے سفر کرنے والوں کے لیے کورونا نیگٹیو ٹیسٹ لازمی: گلف ایئر

گلف ایئر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ 48 گھنٹوں کے لیے کار آمد ہونا چاہیے (فوٹو: اے ایف پی)
بحرین کی فضائی کمپنی گلف ایئر نے کہا ہے کہ پاکستان، انڈیا اور بنگلہ دیش کے تمام مسافروں کے پاس کیو آر کوڈ کے ساتھ  پی سی آر کے نیگٹیو سرٹیفیکیٹ کی کاپی ہونا لازمی ہے۔
گلف ایئر نے ٹوئٹر پر جاری کردہ مختصر پیغام میں لکھا کہ قطع نظر اس کے کہ آخری منزل کون سی ہے ، کورونا وائرس کا یہ ٹیسٹ 48 گھنٹوں کے لیے کار آمد ہونا چاہیے۔
کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر یورپ، امریکہ اور مشرق وسطیٰ سمیت دیگر ممالک نے سفری پابندیاں اٹھانے کے بعد کہا تھا کہ مسافر کورونا وائرس کا ٹیسٹ لازمی کریں گے۔
بین الاقوامی ایئرلائنز نے یہ بھی کہا تھا کہ چیک ان کے وقت مسافروں کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ پیش کرنا لازمی ہوگا۔
حال ہی میں کئی ممالک نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے پاکستان  کے ساتھ فضائی رابطہ منقطع کیا ہے۔ ان میں عمان، کینیڈا، سعودی عرب، ہانگ کانگ اور برطانیہ شامل  ہے۔
عمان نے پاکستان، انڈیا اور بنگلہ دیش سے مسافر پروازوں پر 26 اپریل سے پابندی عائد کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ کینیڈا نے پاکستان کے ساتھ 30  دن تک پروازیں معطل کی ہیں۔
پاکستان سے سعودی عرب کے لیے تمام پروازیں اب معطل ہیں۔ برطانیہ نے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ کو روکنے کے لیے پاکستان کو فضائی سفر کی ریڈ لسٹ میں ڈال دیا تھا۔

شیئر: