Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں 80 لاکھ افراد نے ویکسین لگوا لی

مختلف شہروں میں اس وقت 587 ویکسینیشن سینٹرقائم ہیں(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق مملکت میں 80 لاکھ سے زائد افراد کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ 
ویب نیوز ’سبق‘ نے وزارت صحت کے شعبہ اطلاعات عامہ کے حوالے سے کہا کہ مملکت کے مختلف شہروں میں اس وقت 587 ویکسینیشن سینٹرقائم ہیں جہاں کورونا سے بچاو کےلیے ویکسین لگائی جاتی ہے۔ 
ویکسین لگوانے کےلیے وزارت صحت کی ایپ ’صحتی ‘ پر رجسٹریشن کرانے کے بعد قریب ترین سینٹر کا انتخاب کیاجاتا ہے جہاں سے فراہم کیے جانے والے دن اورمقررہ وقت پر پہنچ کرویکسین لگوائی جاتی ہے۔ 
ویکسینیشن سینٹر کے انتظامات کے حوالے سے لوگوں کا کہنا تھا کہ انتہائی مثالی انتظامات ہیں جن کی تعریف نہ کرنا زیادتی ہوگی۔ 
خیال رہے مملکت میں کورونا سے بچاو کے لیے شہریوں اور غیر ملکیوں کو بلا کسی تخصیص مفت ویکسین لگائی جاتی ہے۔ ویکسین کے حصول کےلیے لازمی ہے کہ خود کو وزارت کے پورٹل پر رجسٹرکیاجائے۔ 
دوسری جانب وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کورونا سے بچاو کےلیے ہر ایک کو چاہئے کہ وہ فراہم کی جانے والی ویکسین لگوائے۔ 
وزارت صحت نے کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے حوالے سے بھی لوگوں کو احتیاطی تدابیر پر سختی سےعمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ مقررہ ضوابط کا ہرطرح سے خیال رکھا جائے خاص کر سماجی فاصلے کے اصول پرعمل کرنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ کورونا وائرس انسان سے انسان میں تیزی سے منتقل ہوتا ہے۔ 

شیئر: