’سعودی عرب اور خلیجی ملکوں نے ہمیشہ لبنان کا ساتھ دیا‘
لبنان کے صدر میشال عون نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کے ساتھ تعاون چاہتے ہیں۔ سعودی عرب برادر ملک ہے۔ ہم اس کے ساتھ تعاون کا رشتہ برقرار رکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں.‘
سبق ویب سائٹ کے مطابق لبنانی صدر نے بدھ کو لبنانی سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو میں کہا کہ’ لبنان کو برادر عرب ممالک خصوصاً سعودی عرب اور خلیج کی عرب ریاستوں کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کی راہداری نہیں بننے دیں گے۔‘
لبنانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ’سعودی عرب اور خلیج کے ممالک نے برے حالات میں ہمیشہ لبنان کا ساتھ دیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’لبنانی حکومت منشیات سمگلنگ کے واقعے کے حقائق سامنے لانے کے لیے کام کررہی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ حالات کو معمول پر لایا جائے۔‘
لبنانی صدر نے سعودی عرب کی جانب سے پھلوں اور سبزیوں پر پابندی کے بعد زرعی پیداوار کی برآمدات کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ’ نشہ آور اشیا کی سمگلنگ میں ملوث افراد کا پتہ لگا کر اور سزا دے کر اصلاح حال کرنا ہوگی۔‘
دریں اثنا لبنانی وزیر صنعت عماد حب اللہ نے کہا کہ ’سعودی عرب کے امن و امان کا تحفظ لبنانی عوام کی بھی ذمہ داری ہے۔ سعودی عرب کے سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔ کسٹم کی کارروائی کے ذریعے نگرانی بڑھانا ہوگی۔ مختلف ریاستی اداروں میں خصوصی اقدامات کے ذریعے سمگلنگ کو بند کرنا ہو گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سمگلنگ کی سرگرمیوں سے برادر ممالک کے ساتھ لبنان کے تعلقات متاثر ہورہے ہیں۔‘