وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب: پاکستانی اور سعودی سفیروں کی ملاقات
سفیروں کی ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: پاکستانی سفارتخانہ)
پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کی تیاریوں کے سلسلے میں سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
سعودی سفیر نے ریاض میں اپنے پاکستانی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر سے ملاقات کی ہے۔ جس میں وزیر اعظم کے دورے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
ریاض میں جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کی یہ ملاقات پاکستانی سفارت خانے میں ہوئی ہے۔
ملاقات میں دونوں سفراء نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ بھائی چارے، اخوت اور ہر آزمائش میں پورا اترنے والے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں ممالک کے سفیروں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا باہمی تعلقات کو مشترکہ معاشی تعاون کے فروغ کے ذریعے نئی جہتوں تک پہنچایا جائے گا۔
سعودی سفیر نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ نئے پاکستانی سفیر دونوں ممالک کے تعلقات میں وسعت لانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔