پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعيد المالکی کو پاکستانی افطار کیوں بے حد پسند ہے؟
اتوار 25 اپریل 2021 21:42
سعودی سفیر کی ٹویٹ پر صارفین نے نہ صرف دلچسپ تبصرے کیے بلکہ اپنے پسندیدہ افطار ڈشز کی تصاویر بھی شیئر کیے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سوشل میڈیا پر سلگتے سیاسی ایشوز اور دنیا بھر میں پھیلی کورونا وبا ہی نہیں بلکہ ہلکے پھلکے موضوعات صارفین کی توجہ حاصل کرتے ہیں اور موضوع بحث بنتے ہیں۔
ایسا ہی اتوار کو اس وقت ہوا جب پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعيد المالکی نے پاکستان میں بیشتر گھروں میں افطار دسترخوانوں کی زینت بننے والے سموسوں اور چاٹ کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے رمضان میں پاکستانی افطار بے حد پسند ہے جو کہ مختلف قسم کے مزیدار اور مصالحہ دار کھانوں پر مشتمل ہے۔ دوستو اپنے افطار کی تصاویر میرے ساتھ شیئر کریں۔ اللّٰہ ہمارے روزے قبول فرمائے۔‘
سعودی سفیر کی ٹویٹ پر صارفین نے نہ صرف دلچسپ تبصرے کیے بلکہ اپنی پسندیدہ افطار ڈشز کی تصاویر بھی شیئر کیں۔
ٹوئٹر صارف حماد احمد نے لکھا‘ ایکسیلینسی، مجھے عربی شوربہ افطار میں پسند ہے اور میں اسے بہت مس کرتا ہوں۔ اور ہاں حرم شریف میں افطار اور تروایح کو بھی۔‘
منور نامی صارف نے سعودی سفیر کو جواب دیا کہ ’مجھے تو ریاض الجنہ اور مطاف میں افطار کا دسترخوان رمضان کا سب سے اچھا انعام لگتا ھے۔‘
محسن ضیا نے جواب دیا ’تو شیخ محترم پھر کب بلا رہے ہیں افطار میں اپنے ساتھ۔‘
صارفین نے نہ صرف مختلف ڈشز اور افطار دسترخوان کی تصاویر شیئر کیں بلکہ کئی ایک نے اپنے بچوں کی روزہ کشائی کی تصاویر بھی سعودی سفیر کے ٹویٹ کے جواب میں شیئر کیں۔