Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین میں ایک برس بعد قرآن کریم کے نسخے رکھ دیے گئے

گزشتہ برس مئی میں قرآن کریم کے نسخے ہٹائے گئے گئے تھے(فوٹو، سوشل میڈیا)
حرمین شریفین میں ایک برس کے بعد قرآن کریم کے نسخے دوبارہ رکھ دیئے گئے۔ گزشتہ برس کورونا وائرس کے سبب احتیاط کے پیش نظر قرآن کریم کے نسخوں کو ہٹایا گیا تھا۔
ویب نیوز اخبار 24 نے سوشل میڈیا پر لوگوں کی جانب سے اپ لوڈ کی گئی وڈیو کے حوالے سے کہا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی الشریف میں ایک برس بعد 4 مئی کی شب کو قرآن کریم کے نسخے دوبارہ اپنی الماریوں اور طاقچوں میں رکھ دیئے گئے۔
واضح رہے گزشتہ برس مارچ میں سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تصدیق ہونے کا آغاز ہوا تھا جن میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہوتا گیا۔

گزشتہ برس کورونا سے بچاو کے لیے کرفیو نافذ تھا(فوٹو، ایس پی اے)

وزارت صحت نے ہنگامی بنیادوں پر کورونا سے بچاو کےلیے مختلف تدابیر اختیار کرنا شروع کیں۔ اس حوالے سے مملکت کے تمام شہروں میں کرفیو اورلاک ڈاون بھی کیا گیا تاکہ سماجی فاصلے کے اصول پرسختی سے عمل کیاجاسکے۔
کورونا وائرس سے بچاو کے پیش نظر گزشتہ برس مئی میں ہی ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی الشریف میں رکھے ہوئے قرآن کریم کے نسخوں کو احتیاط کے پیش نظر اٹھا لیا گیا تھا۔
ایک برس مکمل ہونے کے بعد اب ان نسخوں کو گزشتہ شب دوبارہ رکھ دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے حرمین شریفین میں موجود افراد کی جانب سے قرآن کریم کے نسخوں کو دوبارہ رکھے جانے کی وڈیو بناتے ہوئے مسرت کا آظہار کیا ۔
لوگوں کا کہنا تھا کہ رب کریم کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے کہ اب حالات معمول کے مطابق آنا شروع ہو گئے ہیں اور اب حرمین شریفین میں کتاب اللہ کے نسخے اپنی پہلی جگہ رکھ دیئے گئے ہیں

شیئر: