مشرقی ریجن: کورونا خلاف ورزیوں پرایک ماہ میں 411 دکانیں سیل
مشرقی ریجن: کورونا خلاف ورزیوں پرایک ماہ میں 411 دکانیں سیل
جمعہ 14 مئی 2021 10:22
معمولی خلاف ورزیوں پر2 ہزار سے زائد چالان کیے گئے(فوٹو، ٹوئٹر)
مشرقی ریجن میں بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے ماہ رمضان المبارک کے دوران مختلف مارکیٹوں اور تجارتی اداروں کے علاوہ اشیائے خورونوش فروخت کرنے والی دکانوں کے 46 ہزار سے زائد دورے کیے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مشرقی ریجن میں بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے ماہ رمضان المبارک کے دوران ریجن کے مختلف شہروں اور ملحقہ علاقے میں تجارتی مقامات ومارکیٹوں کے دورے کیے۔
بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں کے دوروں کا مقصد کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے مقررہ ایس اوپیز پرعمل درآمد کو یقینی بنانا تھا تاکہ لوگوں کو ماہ رمضان المبارک میں کورونا وائرس سے محفوظ رکھا جاسکے۔
بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے مارکیٹوں میں آنے والوں کو ’کورونا ‘ سے بچاو کے علاوہ مرض کے بارے میں اہم معلومات بھی فراہم کیں۔
بلدیہ کی جانب سے مختصر ہینڈ بلز بھی لوگوں میں تقسیم کیے گئے جن میں کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے اہم معلومات درج تھیں۔
تفتیشی دوروں کے دوران مختلف مقامات پرسنگین خلاف ورزیوں پر 411 دکانیں سیل کی گئیں جبکہ معمولی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر 2 ہزار 120 دکانداروں کو انتباہی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔
بلدیہ کے شعبہ اطلاعات کی جانب سے کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے سماجی فاصلے کے اصول پرسختی سے عمل کرنے کی ہدایت کے ساتھ کہا گیا ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی پر بلدیہ کے ٹول فری نمبر 940 پرمطلع کیا جائے۔